سلیم مانڈوی والا کی سری لنکا کے وزیر اعظم سے ملاقات،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تازہ لہر سے آگاہ کیا

بدھ 18 ستمبر 2019 23:53

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے کولمبومیں، سری لنکا کے وزیر اعظم رنیل وکرماسنگھے سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کومضبوط بنانے پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران سری لنکا کے وزیر اعظم کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تازہ لہر سے آگاہ کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے سری لنکا کے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کا ، گزشتہ دورہٴ پاکستان انتہائی خوشگوار تجربہ تھا۔ انہوں مزید کہا کہ وہ سارک کے تمام رکن ممالک کے درمیان طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے وعدہ کیا کہ وہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کریں گے۔

سری لنکا کی قیادت نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردوں کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھی اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ سری لنکا کے وزیر اعظم نے س تنازع کو مذاکرات اور پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا کیوں کہ ایٹمی ہتھیاروں سے لیس دونوں اقوام کے درمیان تناؤ کے خطے اور عالمی امن پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔