سیکرٹری لائیوسٹاک نبیل احمداعوان کا پنجاب لائیوسٹاک ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ‘ پیمکو سلاٹرہائوس کادورہ

بدھ 18 ستمبر 2019 23:54

لاہور۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) سیکرٹری لائیوسٹاک نبیل احمداعوان نے کہاہے کہ محکمہ لائیوسٹاک کے ماہرین ایسے منصوبہ جات تشکیل دیں جومویشی پال حضرات کے لیے ماڈل ہوں تاکہ لائیوسٹاک فارمرز محکمہ کی سفارشات پرعمل کرکے اپنی معاشی حالت میں بہتری لاسکیں۔ یہ بات انہوںنے فیلڈ فارمیشنز کے دورہ کے دوران کہی۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نے پنجاب لائیوسٹاک ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈاور پنجاب ایگریکلچراینڈمیٹ کمپنی کے دفاتر کا دورہ کیا اور ماہرین سے تفصیلی بریفنگزلیں‘ لائیوسٹاک ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی میٹنگ میں سیکرٹری لائیوسٹاک کو سائیلج کے بہترپیداواری منصوبوں بارے بریف کیاگیا‘ سیکرٹری لائیوسٹاک نے سائیلج کے منصوبے کوسراہااور ہدایات جاری کیں کہ مزیدایسے کارآمداوردوررس نتائج کے حامل منصوبے بنائے جائیں جن پرعمل کرکے مویشی پال حضرات اپنی معاشی حالت بہتر کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ لائیوسٹاک فارمرزکی جدید ٹیکنالوجی تک رسائی سے مویشیوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ بعدازاںسیکرٹری لائیوسٹاک نبیل احمداعوان نے شاہ پورکانجراںمیں واقع سلاٹرہائوس کادورہ کیا جہاں پنجاب ایگریکلچر اینڈ میٹ کمپنی کے کمپنی سیکرٹری نے سیکرٹری لائیوسٹاک کو سلاٹرہائوس کی کارکردگی اوراغراض ومقاصد بارے آگاہ کیا‘سلاٹرہائوس کی کارکردگی بہتربنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیرغورلائی گئیں۔ اس موقع پرسیکرٹری لائیوسٹاک نے ہدایات جاری کیں کہ سلاٹرہائوس کی بہتری کے لیے مؤثرلائحہ عمل تشکیل دیاجائے تاکہ اس ادارے کو بنانے کے اصل مقاصد حاصل کئے جاسکیں۔ انہوںنے مزید کہاکہ عوام کومعیاری اورصحت بخش گوشت کی فراہمی حکومت کی اولیں ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :