خطہ میں پائیدار امن کے لیے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے، لیاقت بلوچ

بدھ 18 ستمبر 2019 23:54

لاہور۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی عملاً جمہوری آمراور فاشسٹ بنے ہوئے ہیں ۔ وہ جمہوریت کے ماتھے پر مکروہ داغ ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں 45 دن سے بدترین کرفیو اور انڈیا سپریم کورٹ کی ڈائریکشن سے دلی سرکار انکار کر رہی ہے ۔ جمہوریت کی تمام قدروں کو پامال کر دیا گیاہے ۔

منصورہ میں مشاورتی اجلاس اورپریس کلب میں خلیج کی صورتحال پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انڈیا کے انسان دشمن و نفسیاتی مریض نریندر مودی کے اقدامات پر عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے ، مقبوضہ کشمیر میں کرفیوختم کیا جائے ۔ کشمیریوں کو انسانی حقوق دیے جائیں اور خطہ میں پائیدار امن کے لیے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ سعودی تیل تنصیبات پر حملہ سعودی سلامتی اور دنیا بھر کی معیشت پر حملہ ہے ۔ حرمین شریفین کی حفاظت تمام اہل ایمان کی دینی ذمہ داری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عالم اسلام کے اتحاد کے لیے مکہ مکرمہ میں او آئی سی کی سربراہی کانفرنس بلائی جائے تاکہ عالم اسلام کے اتحاد ، سعودی عرب کے خلاف سازشوں ، کشمیر ، فلسطین اور افغانستان کے سلگتے اور اہم ترین ایشوز کا عالم اسلام کی قیادت حل تلاش کرسکے ۔