ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی عملاً جمہوری آمراور فاشسٹ بنے ہوئے ہیں ،لیاقت بلوچ

بدھ 18 ستمبر 2019 23:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں مشاورتی اجلاس اورپریس کلب میں خلیج کی صورتحال پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی عملاً جمہوری آمراور فاشسٹ بنے ہوئے ہیں ۔ جمہوریت کے ماتھے پر مکروہ خونخوار داغ ہے ۔

مقبوضہ کشمیر میں 45 دن سے بدترین کرفیو اور انڈیا سپریم کورٹ کی ڈائریکشن سے دلی سرکار انکار کر رہی ہے ۔ جمہوریت کی تمام قدروں کو پامال کر دیا گیاہے ۔انہوں نے کہاکہ انڈیاکی سب سے بڑی جمہوریت اور انڈیا کے انسان دشمن و نفسیاتی مریض نریندر مودی کے اقدامات پر عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے ۔ کرفیوختم کر دیا جائے ۔ کشمیریوں کو انسانی حقوق دیے جائیں اور خطہ میں پائیدار امن کے لیے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ سعودی تیل تنصیبات پر حملہ سعودی سلامتی اور دنیا بھر کی معیشت پر حملہ ہے ۔ حرمین شریفین کی حفاظت تمام اہل ایمان کی دینی ذمہ داری ہے ۔ سعودی عرب میں اقتدار تیسری نسل کی جانب منتقل ہورہاہے ۔ مسلمان دشمن عالمی قوتیں محمد بن سلمان کے خلاف مسلسل سازشیں کر رہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عالم اسلام کے اتحاد کے لیے مکہ مکرمہ میں او آئی سی کی سربراہی کانفرنس بلائی جائے تاکہ عالم اسلام کے اتحاد ، سعودی عرب کے خلاف سازشوں ، کشمیر ، فلسطین اور افغانستان کے سلگتے اور اہم ترین ایشوز کا عالم اسلام کی قیادت حل تلاش کرسکے ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اور مغرب جلتی پر تیل ہی ڈالیں گے ۔