لائبیریا کے سکول میں آگ لگ گئی، 28 بچے جاں بحق

آگ لگنے کی وجہ سے سکول کے ہاسٹل میں 28 طلبا اور 2اساتذہ جاں بحق ہو گئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 18 ستمبر 2019 23:05

لائبیریا کے سکول میں آگ لگ گئی، 28 بچے جاں بحق
مون رویا (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18ستمبر2019ء) لائبیریا کے سکول میں آگ لگ گئی جس سے 28 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔ لائبیریا کے ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے سکول کے ہاسٹل میں 28 طلبا اور 2اساتذہ جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ایوانِ صدر کی جانب کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ آگ رات گئے لگی اور ابھی تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

لائبیریا کے صدر جیورج ویاہ نے دارالحکومت کے نواحی علاقے پینس ولی میں واقع اس سکول کا دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سکول میں آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے لیکن ہم یہاں متاثرہ والدین کا غم بانٹنے کے لیے آئے ہیں کیونکہ اس طرح سے اپنے بچوں کو کھو دینا انتہائی دردناک ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم متاثرہ والدین سے تعزیت کرتے ہوئے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، ابھی تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی لیکن ہم معاملے کی مکمل تفتیش کر کے آگ لگنے کی وجوہات معلوم کریں گے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سکول کے قریب رہائش پذیر زازے نامی ایک شخص کا کہنا تھا کہ میں اپنے گھر میں سو رہا تھا مجھے باہر آوازیں سنائی دیں، میری بیوی نے گھر کا پچھلا دروازہ کھولا تو شدید دھواں نکل رہا تھا اور باہر نکل کر دیکھا تو اسکول کی عمارت شعلوں میں لپٹی ہوئی تھی۔ ایک اور مقامی شخص بلاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپنے طور پر امدادی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے آگ بجھانے کی بھرپور کو کوشش کی لیکن آگ کی شدت کے سبب مقامی لوگوں کی کوششیں کارگر ثابت نہ ہو سکیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہاسٹل کی سہولت کے حامل سکول کی عمارت کی لوہے سے بنی ہوئی چھت بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے اور ریسکیو رضاکاروں نے بیگوں میں بھر کر بچوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا ہے۔ حکومتی عہدیدار امودو شیرف کا کہنا ہے کہ جس وقت آگ لگی اس وقت بچے سو رہے تھے۔

متعلقہ عنوان :