صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا چوہدری شجاعت حسین سے رابطہ

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مسلم لیگ ق کے سربراہ سے ان کی خیریت دریافت کی، نوازشریف کے جلد صحت یابی کیلئے دعا اور نیک جذبات کے پیغامات بھی پہنچائے

muhammad ali محمد علی بدھ 18 ستمبر 2019 23:12

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا چوہدری شجاعت حسین سے رابطہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2019ء) صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا چوہدری شجاعت حسین سے رابطہ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مسلم لیگ ق کے سربراہ سے ان کی خیریت دریافت کی، نوازشریف کے جلد صحت یابی کیلئے دعا اور نیک جذبات کے پیغامات بھی پہنچائے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف نے رابطہ کیا ہے۔

دونوں رہنماوں کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔ اس دوران شہباز شریف نے چوہدری شجاعت حسین سے ان کی خیریت دریافت کی۔ اس دوران میاں شہبازشریف نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی جانب سے بھی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور نیک جذبات کے پیغامات پہنچائے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف کی جانب سے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور نیک خواہشات پر اظہار تشکر کیا۔

دوسری جانب نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئیر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شجاعت حسین اورشریف خاندان کا آپس میں قریبی تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کو جرمنی میں اسپتال سے عابد شیر علی لے کر آئے تھے۔ جب شریف برادران حمزہ شہباز کو پاکستان میں چھوڑ کر چلے گئے تھے تو تب جو لوگ حمزہ شہباز کا خیال رکھتے تھے وہ چوہدری برادران ہی تھے۔

واضح رہے کہ چوہدری شجاعت حسین علالت کی وجہ سے جرمنی کے اسپتال میں زیر علاج تھے جس کے بعد ان کی صحت ٹھیک ہونے پر انہیں اسپتال سے گھر لایا گیا۔ جبکہ گذشتہ رات قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور صدر ن لیگ میاں شہباز شریف نے ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے چودھری سالک سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا۔