بدعنوانی کے خلاف جنگ جاری ہے اور جاری رہے گی، حکومت بدعنوانوں کا احتساب ، سرخ فیتے اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لا رہی ہے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا لاہور چیمبرز اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب

بدھ 18 ستمبر 2019 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف جنگ جاری ہے اور جاری رہے گی، حکومت بدعنوانوں کا احتساب ، سرخ فیتے اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لا رہی ہے۔ بدھ کو یہاں لاہور چیمبرز اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے سافٹ ویئر انجینئرز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں گزشتہ 70 سال سے بدعنوانی عام رہی ہے، آج جب موجودہ حکومت نے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے اقدامات تیز کر دیئے تو بعض لوگ اس کے خلاف شور مچا رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت بدعنوان افراد کا احتساب کر رہی ہے اور معاشرے کے ہر طبقہ کو متحرک ہونا ہو گا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے واضح کیا کہ بدعنوانی کے خلاف جنگ جاری ہے اور رہے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت بدعنوانوں کا احتساب کر رہی ہے اور سرخ فیتے اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی انوویشن نے کئی مسائل حل کر دیئے ہیں۔ اس سلسلہ میں بلاک چین ٹیکنالوجی اعداد و شمار میں غلط رد و بدل روکنے میں کارگر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت ملک میں کاروبار آسان اور تاجر برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔