وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چیک ری پبلک کیلئے پاکستان کے نامزد سفیرکی ملاقات

بدھ 18 ستمبر 2019 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے چیک ریپبلک کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر خالد جمالی نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کے تناظر میں نامزد سفیر کو اہم ہدایات دیں اور کہا کہ آپ ایسے وقت میں بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے جا رہے ہیں جب پاکستان کو سفارتی محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین کرفیو کو 44 روز گزر چکے ہیں، ہماری سفارتی کاوشوں کے نتیجہ میں ہندوستان کا بیانیہ مسترد ہو چکا ہے اور یورپی پارلیمنٹ سمیت دنیا بھر سے ہندوستان کے رویہ کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ چیک ریپبلک کے نامزد سفیر خالد جمالی نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اعتماد پر پورا اترنے کی یقین دہانی کرائی۔