مستقبل میں اسمارٹ فون ختم ہو جائیں گے

فیس بک نے دنیا میں انقلاب لانے کے منصوبے کا اعلان کر دیا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 19 ستمبر 2019 05:27

مستقبل میں اسمارٹ فون ختم ہو جائیں گے
لاہور۔  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2019ء)   ٹیکنالوجی نام ہی بدلتے رہنے کا ہے۔آغاز میں ٹی وی کتنے بھاری بھرکم ہوا کرتے تھے مگر اب اتنے سمارٹ کہ پنسل جیسے،یہی نہیں بلکہ کئی مہینوں کا سفر چند گھنٹو ں پر محیط ہو گیا اور چاند اور مریخ پر بھی انسانی آبادی بسانے ا ورکائنات کو گلوبل ویلج بنانے کی تیاری سب کچھ ٹیکنالوجی کے بل پر ہی ممکن ہوا ہے۔

سائنسدان آئے دن کوئی نا کوئی دعویٰ کرتے نظر آتے ہیں۔اب کی بار فیس بک نے بھی کچھ نیا کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ فیس بک کی جانب سے ایسے اسمارٹ گلاسز پر کام کیا جارہا ہے جو بتدریج اسمارٹ فونز کی جگہ لیں گے۔فیس بک کے اگیومینٹڈ رئیلٹی ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ گلاسز کا کوڈ نیم اورین رکھا گیا ہے جس کو پہننے پر صارفین کی آنکھوں کے سامنے ایک گرافک ڈسپلے آجائے گا جبکہ صارف کالز کرسکے گا، اپنی پوزیشن کو لائیو اسٹریم اور فیس بک پاور اے آئی سے بہت کچھ کرسکے گا۔

(جاری ہے)

اس منصوبے پر واشنگٹن میں فیس بک کی رئیلٹی لیب پر برسوں سے کام ہورہا ہے اور یہ کمپنی اسے 2023 سے 2025 تک متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ویسے یہ پہلی بار نہیں جب فیس بک کی جانب سے اسمارٹ فونز کو ختم کرنے کے منصوبہ سامنے آیا ہو۔اپریل 2017 میں فیس بک کی کمپنی اوکیولس ریسرچ کے چیف سائنسدان مائیکل ابریش نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ 5 سال کے اندر اے آر ٹیکنالوجی پر مبنی گلاسز اسمارٹ فون کی جگہ لے لیں گے اور روزمرہ کی کمپیوٹنگ ڈیوائس بن جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کی ٹیکنالوجی سے لیس یہ چشمے آج کل کے عام چشموں جیسے ہوں گے جن کا وزن کم ہوگا مگر وہ پہننے والے کی یادداشت کو بڑھانے، غیر ملکی زبانوں کا فوری ترجمہ کرنے، ارگرد ہونے والی بات چیت یا آوازوں کو کانوں میں جانے سے روکنے کے ساتھ ساتھ ایک نظر میں بچے کے جسمانی درجہ حرارت کے بارے میں بھی بتائیں گے۔باالفاظ دیگر وہ سپر گلاسز ہوں گے جن کو پہننے کے بعد اسمارٹ فونز کی ضرورت نہیں رہے گی۔

اگر آپ کی آنکھوں پر ایک کمپیوٹر ہوگا تو یہ صرف ٹی وی نہیں بلکہ اسمارٹ فونز، اسمارٹ واچز، ٹیبلیٹس، فٹنس ٹریکرز یا ایسی ہی دیگر ڈیوائسز کی ضرورت بھی ختم کردے گا۔اسی طرح 2016 میں فیس بک کے سنیئر عہدیار ڈیوڈ مارکس نے موبائل فون نمبر کو ختم کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ میسنجر کی بڑھتی مقبولیت کے باعث اب فون نمبروں کے دن گنے جاچکے ہیں۔دیکھتے ہیں فیس بک ماہرین کا یہ دعویٰ کب تک حقیقت کا روپ دھار پاتا ہے۔