سعودائزیشن کے بعد سعودی خواتین پر قسمت کی دیوی مہربان ہو گئی

مختلف شعبوں میں ہزاروں خواتین بھرتی کی جا چکی ہیں اور مزید بھرتی کا عمل جاری ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 19 ستمبر 2019 11:11

سعودائزیشن کے بعد سعودی خواتین پر قسمت کی دیوی مہربان ہو گئی
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،19ستمبر 2019ء) سعودی محکمہ شماریات کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران سعودی خواتین کی معیشت میں شراکت 23.2 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو کہ پہلی سہ ماہی کے دوران 20.5 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی خواتین اپنی قابلیت اور تعلیم کے باعث بڑی تعداد میں نوکریاں حاصل کرنے میں کامیاب ہو رہی ہیں۔

دُوسری سہ ماہی کے دوران سعودی معیشت میں مقامی افراد (پندرہ سال سے زائد عمر کے) کی شراکت 45 فیصد تک پہنچ گئی جو کہ پہلی سہ ماہی کے دوران 42.3 فیصد تھی۔ افرادی قوت کے حوالے سے تیار کی گئی اس رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران سعودی باشندوں میں بے روزگاری کی شرح پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 5.6 فیصد تک گھٹ گئی۔

(جاری ہے)

اعداد و شمار کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران سعودی ملازمین کی گنتی 31 لاکھ 12 ہزار 29 تھی جو کہ دوسری سہ ماہی کے دوران گھٹ کر 30 لاکھ 92ہزار 248پر سمٹ گئی۔

اس وقت سعودی عرب میں ملازمت کی تلاش کر رہے سعودی خواتین و مردوں کی گنتی 10 لاکھ 2 ہزار 855 بتائی گئی ہے۔ یہ وہ گنتی ہے جس کا پتا وزارت شہری خدمات کے جدارہ اور سعید پورٹلز اور ہیومن ریسورسز ڈویلپمنٹ فنڈ کے پورٹل طاقت پر خود کو ملازمت کی خاطر رجسٹر کروانے والے سعودیوں کے باعث معلوم ہوئی ہے۔ سعودی محکمہ شماریات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان اعداد و شمار کی تیاری میں وزارت محنت و سماجی بہبود، وزارت شہری خدمات، جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس، ہیومن ریسورسز ڈویلپمنٹ فنڈ اور نیشنل انفارمیشن سنٹر کے پاس موجود ڈیٹا سے مدد لی گئی ہے۔