جعلی اکائونٹس ، میگا منی لانڈرنگ کیس ، آصف زر داری اور فریال تالپور پر فرد جرم کیلئے چار اکتوبر کی تاریخ مقرر

عدالت کے حکم پر آصف زر داری اور فریال تالپور کو ریفرنس کی نقول فراہم کر دی گئیں ، دونوں ملزمان کے جو ڈیشل ریمانڈ میں چار اکتوبر تک توسیع

جمعرات 19 ستمبر 2019 12:36

جعلی اکائونٹس ، میگا منی لانڈرنگ کیس ، آصف زر داری اور فریال تالپور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) احتساب عدالت نے جعلی اکائونٹس کیس ، میگا منی لانڈنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زر داری اور ان کی بہن فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 اکتوبر توسیع کرتے ہوئے فرد جرم کیلئے چار اکتوبر کی تاریخ مقر ر کر دی ۔کیس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی ۔ دور ان سماعت آصف علی زر داری اور فریال تالپور کی پیشی سے قبل ان کے وکیل سر دار لطیف کھوسہ نے اے سی کا معاملہ اٹھایا اور کہاکہ عدالت نے کہا تھا اے سی دیں لیکن اے سی نہیں دیا گیا۔

لطیف کھوسہ نے کہاکہ آپ نے کہا فریج دیں لیکن انہوں نے برف کے ڈبے دے دیئے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ ہمیں ابھی تک ریفرنس کی کاپی بھی نہیں ملی۔ جج بشیر نے کہاکہ ریفرنس کی نقول موجود ہیں آپ کو بھی ابھی دے دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

لطیف کھوسہ نے کہاکہ ایک ہمارے ایک اور ساتھی کو بھی آپ کے سامنے پیش کیا جانا ہے۔اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا اس موقع پر کمرہ عدالت میں پیپلز پارٹی کے اعلیٰ قائدین نفیسہ شاہ، رحمان ملک، روبینہ خالد ،عامر فدا پراچہ، امتیاز شیخ، رمیش لعل، رفیق جمالی سحر کامران و دیگر بھی موجود تھے ۔

دور ان سماعت سابق صدر آصف علی زرداری روسٹرم پر آ گئے جس پر جج نے استفسار کیا کہ کیا آپ کو ریفرنس کی کاپیاں مل گئیں ۔ آصف زر داری نے جواب دیا کہ میں ابھی آیا ہوں ابھی دیکھی نہیں۔انہوںنے کہاکہ وکیلوں سے مشاورت کے لیے مہلت دی جائے۔ جج محمد بشیر نے کہاکہ ساتھ والے کمرہ عدالت میں آپ ملاقاتیں کریں، یہاں رش بہت ہے۔میگا منی لانڈرنگ کیس میں حسین لوائی کے وکیل نے عدالت میں اونچی آواز سے جج محمد بشیر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ میری درخواست پر کوئی فیصلہ کریں، چاہے مسترد کریں۔

وکیل نے کہاکہ میرا موکل آپکے اور میرے والد کی عمر کا ہے،80 سال کے بزرگ کو ہتھکڑیاں لگا کر لایا جاتا ہے۔ جج محمد بشیر نے کہاکہ کر دیتے ہیں کوئی فیصلہ ابھی۔ عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے ریفرنس کی نقول ملزمان کو فراہم کرنے کا حکم دیا جس کے بعد آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کو بھی ریفرنس کی نقول فراہم کردی گئیں ۔ عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی جوڈیشل ریمانڈ میں 4 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے آصف زرداری اور فریال تالپور پر فردجرم کے لیے 4 اکتوبر کی تاریخ مقرر کر دی ۔آئندہ سماعت 4اکتوبر کو ہوگی ۔