سپریم کورٹ کا شہری پٹوارخانوں پر پابندی لگانے کے فیصلہ کیخلاف نظر ثانی درخواستوں پرتمام صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری ، جواب طلب

جمعرات 19 ستمبر 2019 12:36

سپریم کورٹ کا شہری پٹوارخانوں پر پابندی لگانے کے فیصلہ کیخلاف نظر ثانی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) سپریم کورٹ نے شہری پٹوارخانوں پر پابندی لگانے کے فیصلہ کے خلاف نظر ثانی درخواستوں پرتمام صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کر تے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔ کیس کی سماعت جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں بینچ نے کی ۔ دور ان سماعت عدالت نے تمام صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔

عدالت نے کہاکہ تمام صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز اپنے صوبائی قانون کو مد نظر رکھ کر جواب داخل کریں ۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ اربن علاقوں میں پراپرٹی رکھنے والوں کو قانونی تحفظ درکار ہے ۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ فیصلہ کے بعد پٹواری فرد نہیں دیتے ،فرد نہ ملنے سے رجسٹری نہیں ہوتی۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ پٹواری فرد کے دس لاکھ مانگ لیتا ہے ،اس لیے عدالت نے اربن ایریاز میں پٹوار خانے ختم کرنے کا فیصلہ دیا ۔

(جاری ہے)

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ زمین کی خریدوفروخت رجسٹرڈ سیل ڈیڈ کے زریعے کہا گیا ، جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ پٹواریوں کا نظام جدید طرز پر بنانا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ سب سے زیادہ کرپشن پٹواریوں کے نظام میں ہے،اسلام آباد سمیت ملک کے شہری علاقوں میں پٹواریوں نے لوٹ لگا رکھی ہے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ نیب کے زیادہ تر کرپشن کیسز پٹواریوں سے متعلق ہیں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی۔