ریاض: بھارتی شہری کوجان بوجھ کر کار تلے روندنے پر دو سعودی نوجوان گرفتار

ایک ملزم بھارتی شہری کو مارنے کے بعد موقع پر موجود اس کی کار لے کر فرار ہو گیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 19 ستمبر 2019 12:30

ریاض: بھارتی شہری کوجان بوجھ کر کار تلے روندنے پر دو سعودی نوجوان گرفتار
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،19ستمبر 2019ء) ریاض پولیس نے سعودی عرب میں روزگار کی غرض سے مقیم ایک بھارتی شہری کوبے رحمی سے قتل کرنے کے الزام میں دو سعودی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ان دونوں نوجوانوں نے سڑک پر کھڑے بھارتی شہری پر جان بُوجھ کر کار چڑھا دی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دُنیا سے رخصت ہو گیا۔

اس کے بعد ان سنگ دل نوجوانوں میں سے ایک نوجوان نے اس بھارتی شہری کی وہیں پر موجود کھڑی گاڑی چُرائی اور وہاں سے فرار ہو گیا۔ ریاض پولیس کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل شاکر التویجری نے بتایا کہ گزشتہ اتوار کو پیش آنے والے اس بھیانک واقعے کے بعد سعودی نوجوانوں کا پتا چلانے اوراور انہیں گرفتار کرنے کے لیے خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

جس نے بالآخر انہیں گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کر ہی لی۔ کرنل التویجری کے مطابق دونوں سعودی نوجوانوں کی عمریں 30 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹویوٹا پراڈو کار سڑک پر کھڑے بھارتی شہری پر جان بُوجھ کر چڑھائی۔ جس سے وہ موقع پر ہی موت کے گھا ٹ اُتر گیا۔ اس کے بعد ایک ملزم نے مرنے والے بھارتی شہری کی وہیں پر کھڑی ہنڈائی ایلنٹرا کار چُرائی اور کسی نامعلوم سمت میں فرار ہو گیا۔ ایک ملزم نے پولیس کی جانب سے گرفتاری کے دوران فائرنگ کرنے کی بھی کوشش کی تھی، مگر اس کی فرار ہونے کی کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔ دونوں ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے، جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیے جانے کی خاطر سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔