دھرنے میں شرکت کا فیصلہ بلاول کریں گے

حکومت نے وزیراعلیٰ سندھ سمیت جسے گرفتار کرنا ہے کر لے ۔ سابق صدر آصف علی زرداری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 19 ستمبر 2019 12:30

دھرنے میں شرکت کا فیصلہ بلاول کریں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر 2019ء) : سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت نے وزیراعلیٰ سندھ سمیت جسے گرفتار کرنا ہے کر لے۔ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت سب کو گرفتار کرکے اپنا شوق پورا کر لے، ہمیں پروڈکشن آرڈرز کی بھی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ آپ آج کل پنڈی میں ہیں، پنڈی کا موسم کیسا ہے؟ جس پر آصف علی زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آج کل بارشیں ہو رہی ہیں اور پنڈی کا موسم بدل رہا ہے۔ ایک صحافی نے اس موقع پر سوال کیا کہ کیا آپ نہیں سمجھتے کہ دھرنے میں مولانا فضل الرحمان کا ساتھ دینا چاہئیے ؟ جس کے جواب میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ میں تو جیل میں ہوں، دھرنے میں شرکت کا فیصلہ بلاول صاحب کریں گے۔

(جاری ہے)

غیر رسمی گفتگو کے دوران صحافیوں کی جانب سے آصف زرداری سے سوال کیا گیا کہ آپ اپنے کسی کیس میں ضمانت کی درخواست کیوں نہیں دے رہے؟ جس پر آصف علی زرداری نے کہا کہ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ضمانت کا کوئی فائدہ نہیں ہم سکون سے بیٹھے ہیں، ان کو اپنا شوق پورا کرنے دیں۔ خیال رہے کہ سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں پیپلز پارٹی کی شرکت سے متعلق فیصلہ کرنے کا اختیار پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کو دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روزجمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ سیاسی جماعتیں ہماری تیاریوں پر اعتماد کریں، آزادی مارچ 16 سے 31 اکتوبر کے درمیان ہی ہو گا۔