Live Updates

ہم مودی سے لڑنے کی کوشش کر رہے تھے عمران خان نے ہم سے ہی لڑنا شروع کر دیا

سائیں انہوں نے جتنی رقم مجھ پر ڈالی ہے اتنی تو کبھی آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کو نہیں دی۔ سینئیر صحافی حامد میر نے نیب کی زیر حراست خورشید شاہ سے ملاقات کا احوال بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 19 ستمبر 2019 12:38

ہم مودی سے لڑنے کی کوشش کر رہے تھے عمران خان نے ہم سے ہی لڑنا شروع کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر 2019ء) : پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ کو گذشتہ روز نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار کیا تھا۔ جس کے بعد آج انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس حوالے سے سینئیر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ آج احتساب عدالت میں میری سید خورشید شاہ سے ملاقات ہوئی۔

وہ مُسکرائے اور انہوں نے مجھ سے کہا کہ ہم تو مودی سے لڑنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن عمران خان نے ہم سے ہی لڑنا شروع کر دیا ۔ مودی کشمیر کو فتح کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور عمران خان کراچی کو جیتنے کی کوشش کر رہا ہے ، اس کی ترجیحات دیکھیں۔
ایک اور پیغام میں حامد میر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے گرفتار رہنما خورشید شاہ احتساب عدالت سے نکلے تو ان کی اپنے گرفتار رہنما آصف علی زرداری سے ملاقات ہو گئی۔

(جاری ہے)

دونوں مُسکرائے اور ایک دوسرے کے گلے لگ گئے ۔ اس موقع پر خورشید شاہ نے کہا ''سائیں انہوں نے جتنی رقم مجھ پر ڈالی ہے اتنی تو کبھی آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کو نہیں دی''۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز نیب راولپنڈی اور سکھر نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو گرفتار کیا تھا۔

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار پی پی رہنما خورشید شاہ کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں نیب کی جانب سے خورشید شاہ کا 7 روزہ راہداری ریمانڈ دینے کی استدعا کی گئی۔ عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سکھرمیں خورشید شاہ کا کیس چل رہا ہے۔ معزز جج نے استفسار کیا کہ 7 روز کا راہداری ریمانڈ کیوں چاہیے، نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ فلائٹ پرٹکٹ میسر نہیں ہے، احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ سکھر جانے میں کتنا وقت لگتا ہے؟۔ نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ سکھر جانے کے لیے 2 گھنٹے لگتے ہیں۔ بعدازاں احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کو 21 ستمبر تک سکھر کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات