شاہ حسین سدوزئی کے تاریخی مقبرے کی مرمت اور تزئین وآرائش پر کام شروع ،80لاکھ روپے خرچ ہوںگے

جمعرات 19 ستمبر 2019 13:19

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) محکمہ آثار قدیمہ پنجاب نے شاہ حسین سدوزئی کے تاریخی مقبرے کی مرمت اورتزئین وآرائش کے لیے 80لاکھ روپے مالیت کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔شاہ حسین سدوزئی کا شمار سدوزئی قبیلے کے ان افراد میں ہوتا ہے جو 17ویں صدی میںسب سے پہلے ملتان آ کر آباد ہوئے تھے۔شاہ حسین کے دادا اسد العین عرف سدوخان تھے جو 1652ء میں قندھار کے حکمرانوں سے اختلافات کے بعد ملتان آئے۔

80لاکھ روپے مالیت کا یہ منصوبہ 2018-19ء میں منظور کیاگیاتھا۔ تاہم فنڈز کی کمی کے باعث اس پر کام شروع نہ ہوسکا۔2019-20ء کے سالانہ ترقیاتی منصوبے میں اسے دوبارہ شامل کیاگیا اور 10لاکھ روپے کے فنڈز بھی جاری کردیئے گئے۔شاہ حسین سدوزئی کو مغل دور میں وفادارخان کا لقب دیاگیا تھا اورانہیں جاگیر بھی عطا کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

محکمہ آثار قدیمہ ملتان کے انچارج ملک غلام محمد نے اے پی پی کوبتایا کہ 21ستمبر سے اس کام میں تیزی آجائے گی۔

اس مقبرے میں دولکڑی کے دروازے ہیں جنہیں مغلیہ طرز کے نئے دودروازوں سے تبدیل کردیا جائے گا۔چھت کی مرمت کی جائے گی اور سیم سے متاثر ہونے والی دیواروں کی بھی مرمت کی جائے گی۔مقبرے کے گبندکودوبارہ مرمت کرکے اس کی اصل حالت میں لایا جائیگا۔ کاشی کی ٹائلوںکوتبدیل کیاجائے گا اور مقبرے کے سیمنٹ کے فرش کو نیلی ٹائلوں سے تبدیل کردیا جائے گا۔