قومی ٹرائنگولر ایک روزہ ویمن چیمپئن شپ میں پی سی بی بلاسٹرز کی مسلسل دوسری کامیابی

سدرہ امین 44 رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ قرار، ثناء میر کے 3 شکار اور کائنات امتیاز کی نصف سنچری رائیگاں

جمعرات 19 ستمبر 2019 13:09

قومی ٹرائنگولر ایک روزہ ویمن چیمپئن شپ میں پی سی بی بلاسٹرز کی مسلسل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2019ء) قومی ٹرائنگولر ایک روزہ خواتین چیمپئن شپ کے دوسرے میچ میں پی سی بی بلاسٹرز نے پی سی بی ڈائنامائٹس کو دلچسپ مقابلے کے بعد 7 رنزسے شکست دے دی۔ لاہور جمخانہ کلب گراوٴنڈ میں جاری ایونٹ میں پی سی بی بلاسٹرز کرکٹ ٹیم کی یہ مسلسل دوسری فتح ہے۔فاتح ٹیم کی جانب سے سدرہ امین 44 رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

پی سی بی ڈائنامائٹس کی جانب سے کائنات امتیاز کے 56 رنزاورثناء میر کا 3 وکٹیں حاصل کرنے رائیگاں گیا۔

پی سی بی بلاسٹرز کے 163 رنز کے تعاقب میں پی سی بی ڈائنامائٹس کی پوری ٹیم49.1 اوورز میں 155 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ڈائنامائٹس کی جانب سے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہیں ہوسکے۔ 105 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے کائنات امتیاز نے 56 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

کپتان ندا ڈار نے 33 اور جویریہ خان نے 27 رنز بنائے۔پی سی بی بلاسٹرز کی جانب سے عالیہ ریاض اور نشرہ سندھو نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

اس سے قبل پی سی بی بلاسٹرز کی کپتان رامین شمیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر سدرہ امین نے 44 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے۔مڈل آرڈر بیٹر طوبہٰ حسین نے ٹیم کے لیے 28 قیمتی رنز جوڑے۔ان کی اننگز میں 2 چوکے شامل تھے۔ پی سی بی بلاسٹرز کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔ پی سی بی ڈائنامائٹس کی جانب سے ثناء میر نے 3 اور غلام فاطمہ نے 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

ایونٹ کا تیسرا میچ20 ستمبر کو پی سی بی چیلنجرز اور پی سی بی ڈائنامائٹس کے درمیان کھیلا جائے گا۔