ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب کی زیر قیادت انسدادڈینگی کے حوالے سے ریلی کا انعقاد

راجہ منصور احمد نے طلباء و طالبات کو تاکید کی کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے اپنے ارد گرد صفائی سُتھرائی کا خصوصی انتظام کریں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 19 ستمبر 2019 14:07

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب کی زیر قیادت انسدادڈینگی کے حوالے سے ریلی کا ..
ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،19ستمبر 2019ء، نمائندہ خصوصی، عبدالقدوس ملک ) ننکانہ صاحب ڈینگی کے خاتمے کے لیے عوام الناس سرکاری اداروں سے بھرپور تعاون کریں اور تمام محکمے ڈینگی کے خاتمے کے لیے اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے نبھائیں۔ڈینگی کا خاتمہ کرنے کے لیے ضلع بھر کے محکموں کو آگے بڑھنا ہو گا۔ سول سوسائٹی میں شعور پیدا کرنا ضروری ہے تا کہ وہ اس مہلک بیماری کے خلاف اپنی جدوجہد کو مزید بہتر بنا سکیں۔

طلباء و طالبات کو چاہیے کہ وہ اپنے ارد گرد صفائی ستھرائی کا خصوصی انتظام کریں تا کہ ڈینگی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد نے انسدادڈینگی کے حوالے سے نکالی گئی آگاہی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسر محکمہ صحت ڈاکٹر شکیل احمد شاہد ،ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ، ڈاکٹر ز،پیرامیڈیکل سٹاف ،لیڈی ہیلتھ ورکرز کے علاوہ دیگر محکمہ صحت کے افسران و اہلکاران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے کہا کہ ڈینگی لاروے کی افزائش کھڑے اور صاف پانی میں ہوتی ہے۔ ہمیں اپنے گھر محلے، دفتر اور کام کی جگہ پر صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے چاہئیں۔ پودوں کے گملوں اور کھلی جگہوں پر پانی نہ کھڑا ہونے دیں۔ پرانے ٹائر تلف کردیں اور ڈینگی سپرے کے چھڑکاؤ کو یقینی بنائیں۔ محکمہ صحت کے زیرِ اہتمام ڈینگی کے خاتمے کے لئے آگاہی ریلی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے شروع ہوکر تحصیل موڑپر اختتام پذیر ہوئی۔

آگاہی ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ جن پر ڈینگی کے خاتمے کی تجاویز سمیت مختلف سلوگن درج تھے۔ ڈینگی کے حوالے سے آگاہی ریلی کے دوران ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد نے لوگوں میں پمفلٹ اور ڈینگی سے بچاؤ، احتیاطی تدابیر، بہتر وبروقت علاج پر مبنی ویڈیو سی ڈیز بھی تقسیم کیں۔