پرامید ہوں آسٹریلوی ٹیم 2022 ءمیں پاکستان کا دورہ کریگی:کرکٹ آسٹریلیا چیف

پاکستان میں ہم نے خود کو محفوظ تصور کیا: کیون رابرٹس

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 19 ستمبر 2019 14:14

پرامید ہوں آسٹریلوی ٹیم 2022 ءمیں پاکستان کا دورہ کریگی:کرکٹ آسٹریلیا ..
سڈنی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19ستمبر2019ء) کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی ٹیم 2022 ءمیں پاکستان کا دورہ کرے گی۔دورہ پاکستان کے بعد اپنے بیان میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے کہا کہ دورے کا مقصد پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنا تھا، پاکستان میں سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ ہم نے خود کو محفوظ تصور کیا۔

(جاری ہے)

کیون رابرٹس کا کہنا تھا کہ اس وقت سب درست سمت میں چل رہا ہے لیکن فیصلے میں جلد بازی نہیں کریں،اپنے کھلاڑیوں کو اس وقت تک پاکستان کے دورے پر جانے کے لیے نہیں کہوں گا جب تک ان کی آنکھو ں میں آنکھیں ڈال کر نہ کہ سکوں کہ وہ وہاں پر خود کو محفوظ تصور کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پر امید ہوں کہ 2022ءمیں آسٹریلوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم کا2022ءمیں د و ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹر نیشنل اور تین ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ شیڈول ہے ،کینگروز نے1998ءکے بعد سے سکیورٹی وجوہات کی بناءپر پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے ۔