نواز شریف کو جیل سے باہر آنے کی کوئی جلدی نہیں ہے

جس عدالتی نظام نے انہیں سزا سُنائی اب وہی ان کے ساتھ انصاف بھی کرے۔ لیگی رہنما خواجہ آصف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 19 ستمبر 2019 15:07

نواز شریف کو جیل سے باہر آنے کی کوئی جلدی نہیں ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر 2019ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو جیل سے باہر آنے کی کوئی جلدی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم این آر او کی بات کر رہے ہیں ،وہ یہ نہیں بتاتے کہ ان سے این آر او کون مانگ رہا ہے۔ نواز شریف کو جس عدلیہ نے سزا دی اب وہی ان کے ساتھ انصاف بھی کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیاسی حکمت عملی کا حصہ ہے کہ نواز شریف اس وقت جیل سے باہر نہ آئیں جب ڈیل اور ڈھیل کی باتیں ملک میں چل رہی ہوں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اتنا عرصہ ایک جھوٹے مقدمے میں جیل کاٹی ہے وہ مزید دو سے تین ماہ مزید جیل میں گزار سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں سات سال کی قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ احتساب عدالت نے 24 دسمبر 2018ء کو العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں نوازشریف کو قید کے علاوہ تقریباََ ایک ارب 50 کروڑ روپے کا جرمانہ اور جائیداد ضبطگی کا فیصلہ سنایا تھا جب کہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے اور گرفتاریوں کے خلاف اپوزیشن نے احتجاج کیا اور پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی کیمپ لگا رکھا ہے۔ احتجاجی کیمپ کے شرکاء نے نواز شریف سمیت گرفتار دیگر رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا۔ احتجاجی کیمپ میں نواز شریف، آصف زرداری، شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، خواجہ سعد رفیق اور رانا ثناء اللہ کی تصاویر آویزاں کی گئیں۔

خواجہ آصف نے احتجاجی کیمپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ احتجاج سپیکر قومی اسمبلی کے رویے کے خلاف ہے، پروڈکشن آرڈر جاری نہ کر کے اراکین کو حق سے محروم کیا ہے، سپیکر کے رویے اور قانون کی تشریح میں زمین آسمان کا فرق ہے، چیئرمین سینٹ پروڈکشن آرڈر جاری کر رہے ہیں، سپیکر نے کمیٹیوں کیلئے بھی پروڈکشن آرڈر جاری کرنا روک دئیے، یوں معلوم ہوتا ہے سپیکر کی پارٹی سے وفاداری حلف کے سامنے آ رہی ہے۔