بینظیر انکم سپورٹ ملک کا سب سے بڑا سوشل سیفٹی نیٹ ہے‘نیلو فر حفیظ

جمعرات 19 ستمبر 2019 15:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ڈائریکٹر جنرل ایڈمن نیلو فر حفیظ نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ ملک کا سب سے بڑا سوشل سیفٹی نیٹ ہے وفاقی حکومت پا کستان نے اس پروگرام میںانفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدیدتکنیکی مہارتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے انقلابی اقدامات اور اصلاحات کی شروعات کی ہیں جو غریب خواتین کو ممکنہ حد تک سہولت باہم پہنچانے کے لیئے اہمیت کی حامل ہیں ۔

ادارے کی کارکرگی کو بہتر بنانے اور خواتین کو شفاف طریقہ کار سے رقوم کی منتقلی اور طے شدہ پالیسی کے مطابق کام کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بی آئی ایس پی آزادکشمیر کے ریجنل دفتر کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئر پرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور سیکرٹری بسپ علی رضا بھٹہ کی واضح ہدایات ہیں کہ ادارے میں کسی قسم کی بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ڈی جی بی آئی ایس پی نے ریجنل دفترمظفرآباد کے انتظامی امور کا جائزہ لیا ، مسائل اور شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید موثر بنانے پرزور دیتے ہوئے احکامات صادر فرمائے۔ انہوں نے تحصیل دفتر بی آئی ایس پی مظفرآباد میں بسپ بینیفشریز سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ بی آئی ایس پی سے استفادہ حاصل کرنے والی خواتین نے ڈی جی سے اپنے مسائل کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے حالات کو بہتر بنانے کے لیے خواتین کے لیئے نئے چھوٹے قرضوں کا اجراء اور ہنر سکھانے کیلئے پروگرامز شروع کئے جائیں گے ۔

اس موقع پر ڈی جی نے ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے انہیں پیغام دیا کہ اس طرح کے اقدامات جلد شروع کیے جائیں گے جو غریب خاندانوں کو نا صرف غربت سے نکالنے میں مددگار ثابت ہونگے بلکہ معاشی خود انحصاری کی طرف گامزن کریں گے۔ریجنل ڈائریکٹر بی آئی ایس پی آزاد کشمیر ریجن راجہ کلیم اللہ خان نے ڈی جی بی آئی ایس پی کا استقبال کیا اور دفتر کے انتظامی امور پر بریفنگ دی اور بتایا کہ آزادکشمیر ریجن کی کارکردگی بسپ کے تحت شروح کیے گئے اقدامات میں مثالی ہے اس کا ثبوت بسپ ہیڈ کواٹر اسلام آباد کے تعریفی و ستائشی ای میلز اور خطوط ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے آزادکشمیر ریجن کی کارکردگی وسیلہ تعلیم پروگرام میں حاصل کیے گئے اہداف اور ریجن و ڈویژنز کو درپیش مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پہاڑی علاقہ کی مناسبت کو مد نظر رکھتے ہوئے لاجسٹک سپورٹ کے لیئے گاڑیوں کی خریداری ،لائن آف کنٹرول کے ساتھ ساتھ بسنے والی آباد ی کے لیئے خصوصی پیکج کا اجراء ، سروے کا جلد آغاز اور سٹاف کی کمی کو پورا کیے جانے جیسے مسائل حل طلب ہیں ۔

ڈی جی بی آئی ایس پی نے آزاد کشمیر میں وسیلہ تعلیم کے ہدف عبور کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈکواٹر راجہ غضنفر اور ڈپٹی ڈائریکٹر خصوصی اقدمات راجہ سجاد احمد اور وسیلہ تعلیم کے تحصیل کے افسران و سٹاف کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہا۔بعد ازاں ڈی جی پسپ نے تحصیل دفتر ،مظفرآباد ، پٹہکہ اور ہٹیاں بالا کا دورہ بھی کیا اور بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین سے ملاقات کی۔

تحصیل دفتر ہٹیاںبالا اور پٹہکہ میں خواتین سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کا سروے ملک میں غربت کی حقیقی صورتحال کو سامنے لائے گا جس سے حکومتی سطح پر آپ کے مسائل کے حل کی بہتر طور پر نشاندہی ہوگی ، بی آئی ایس پی کے تحت ملک گیر سروے پورے پاکستان میں شروح ہے آزادکشمیر ریجن میں بھی سروے جلد شروع کیاجائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ NSERاپڈیٹ کیلئے کیا جانے والا نیا سروے ایل او سی کے نزدیک رہنے والی آبادی کے 100%سروے کو یقینی بنائے گا۔

کیونکہ یہاںزندگی بسر کرنے والے افراد لائن آف کنٹرول پرآئے روز فائرنگ اور بھارتی دہشت گردی کا شکار ہیں ، یہاں غربت کی شرح اور مسائل بہت زیادہ ہے لہذابی آئی ایس پی مکمل سروے کرنے کی تمام تر کوششیں کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ کوئی مستحق گھرانہ سروے سے نہ رہ جائے۔ ڈی جی بی آئی پی نیلوفر حفیظ نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی بھارتی قبضے سے آزادی کی جدو جہد اور انکے حق خود ارادیت کیلئے سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت کو جاری رکھے گا۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو چایئے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میںانسانی حقوق کی پامالی سے روکے تاکہ انسانی زندگیوں کو بھارتی ظلم و ستم سے بچایا جاسکے ۔