خیبرپختونخوا حکومت کا جنگلی جانوروں کے کاٹنے سے جانی نقصان پر امدادی پیکج کا اعلان

جمعرات 19 ستمبر 2019 16:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) خیبرپختونخوا حکومت کا پہلی مرتبہ جنگلی جانوروں کے کاٹنے سے جانی نقصان پر مرستہ پروگرام کے تحت امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ ریلیف بحالی تعمیر نو سے جاری بیان کے مطابق صوبہ کے دور افتادہ علاقوں خصوصاًہزارہ ڈویژن میں جنگلی جانوروں کے کاٹنے سے مقامی آبادی جس میں بچے، بوڑھے اور عورتوں کو جانی نقصان پہنچنے کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان علاقوں میں زیادہ تر افراد جنگل سے لکڑیاں، گھاس پھوس وغیرہ اکھٹا کرنے کے لئے رخ کرتے ہیں اور راستہ میں ان جنگلی جانوروں کے خطرات کا اکثر سامنا رہتا ہے۔ایسے واقعات میں جانی نقصان اٹھانے والے افراد کے ساتھ صوبائی حکومت نے مرستہ پروگرام کے تحت امداد کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ ریلیف بحالی و آبادکاری، خیبر پختونخوا نے پیکج کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق جنگلی جانور کے کاٹنے سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 3 لاکھ روپے دئے جائیں گے جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو علاج کے لیے 1 لاکھ روپے دیئے جائیںگے۔اس کا اطلاق فوری طور پر پورے صوبہ میں ہوگا۔