بھارت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا، شفیع لون

جمعرات 19 ستمبر 2019 17:13

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور جموںوکشمیر ایمپلائیز موومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع لون نے کہاہے کہ بھارت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کی ہرممکن کوشش کررہا ہے تاہم وہ کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد شفیع لون نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت رہنمائوں اور کارکنوںکی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی مذمت کی ۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام کی قربانیاں ہرگز رائیگاںنہیں جائیں گی اور جدوجہد آزادی کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائیگا ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کے قتل عام ، املاک کو نقصان پہنچانے ، گھروں اور دکانوںمیں لوٹ مار اور انہیں نذر آتش کرنے، لوگوں کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنانے اورکرفیو اور دیگر پابندیوں کے نفاذ کے ذریعے کشمیریوںکو بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج سے روکا نہیں جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کشمیریوںکی آواز کو دبانے کیلئے انہیں بدترین مظالم کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم بھارت کویہ تاریخی حقیقت یاد رکھنی چاہیے کہ قوموںکی جدوجہد آزادی کو ظلم و تشدد کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کچلا نہیں جا سکتا ۔ محمد شفیع لون نے کہاکہ کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔

انہوںنے کشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر اجاگرکرنے پر پاکستان کا خیرمقدم کیا۔ ادھر جموںوکشمیر ینگ مینز لیگ کے نائب چیئرمین زاہد اشرف نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں بھارتی وزیر اعظم کو دورہ امریکہ کیلئے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کے پاکستان کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ایک طرف تو بھارت ریاستی دہشت گردی اور بدترین ظلم و تشدد کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا رہا ہے اور دوسری طرف وہ پاکستان سے امریکہ کے سفر کیلئے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت طلب کررہا ہے۔