شعبہ تعلیم سے منسلک استاد طبقہ ہمارے لئے قابل احترام ہے، چیئر مین ایم ڈی اے راناعبدالجبار

جمعرات 19 ستمبر 2019 18:03

ملتان ۔19 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) چیئر مین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار نے کہا ہے کہ شعبہ تعلیم سے منسلک استاد طبقہ ہمارے لئے قابل احترام ہے۔ اس شعبہ سے تعلق رکھنے والے ہر شخص کی عزت کرنا ہم پر فرض ہے۔آپ لوگوںکے معاملات ادارہ کے ساتھ ترجہی بنیادوں باہمی اتفاق رائے اور ہم اہنگی سے حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن شاہ رکن عالم نیو ملتان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں سعید جعفری ، طلال شیخ ، حسیب نیازی اور بلال بھٹہ کے علاوہ دیگر ارکان شریک تھے۔ وفد نے چیئر مین رانا عبدالجبار کے سامنے ایم ڈی اے کی طرف سے گھریلو تعمیرات میں کمرشل سرگرمیوں کے خلاف ہونے والی کاروائی کے بارے میں اپنے مطالبات پیش کئے۔

(جاری ہے)

وفد نے مطالبہ کیا کہ انہوں نے سکول کے لئے عمارات مالکان سے کرایہ پر حاصل کی ہوئی ہیں جن کے خلاف ایم ڈی اے کاروئی کرنے جا رہا ہے۔ سکول ایسوسی ایشن کو کوٹھیوں کے مالکان کے ساتھ مذاکرات کرنے تک مہلت دی جائے۔وفد کے ساتھ مذاکرات کامیاب رہے۔ چیئر مین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار نے ایم ڈی اے انتظامیہ کی رائے سے وفد کو یکم اکتوبر تک مالکان کے ساتھ مذاکرات کرنے کی مہلت دے دی۔ یکم اکتوبر کے بعد وفد کے ساتھ معملات طے کئے جائیں گے۔