ڈیرہ مرادجمالی،ہندو پنجائیت، ینگ ایکتا سوسائٹی کی جانب سے طالبہ کی پراسرار ہلاکت پر شمعیں روشن

جمعرات 19 ستمبر 2019 18:20

ڈیرہ مرادجمالی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) ڈیرہ مرادجمالی میںہندو پنجائیت اور ینگ ایکتا سوسائیٹی کا چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ میں فائنل ائیر کی طالبہ نمرتا چندانی کی پراسرار ہلاکت پر شمعیں روشن کی گئیںاورمکمل تحقیقات اور قاتلوں کی گرفتاری کامطالبہ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ مرادجمالی میں اقلیتی پنچائیت کے صدر مکھی مانک لعل ،سیٹھ تاراچند، اور ینگ ایکتا سوسائٹی کے بابو دلیپ راجیش کمارکی سربراہی میں اقلیت سے تعلق رکھنے والے افراد نے چانڈکا میڈیکل کالج کے ہاسٹل میںپراسرار طور پر ہلاک ہونے والی فائنل ائیر کی طالبہ نمرتا چندانی کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔

اس موقع ہندوپنچائیت اور ینگ ایکتا سوسائیٹی کے مکھی مانک لعل،تاراچند،بابو دلیپ درویش کمار،گھنشام داس،راجیش کمار،ہرپال داس،سنی کمار،شبعن لال،اور روشن کمار نے چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ میں فائنل ائیر کی طالبہ نمرتا کے قتل پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے اس طرح کے واقعات کئے جارہے ہیں سندھ میں رہنے والی اقلیتی برادری کے افراد ہمارے بھائی ہیں اور ہم انہیں محب وطن سچا پاکستانی سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نمرتا چندانی کی پراسرار ہلاکت کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرواکر اس واقعہ میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت تعلیمی اداروں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دے اور وہاں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے، تاکہ ہر مذہب اور ہر رنگ ونسل سے تعلق رکھنے والے افراد تعلیمی اداروں میں آزادانہ طورپر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔