ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیا ت کا انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں دفتر کادورہ

صفائی ستھرائی اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا ، ملازمین کو حفاظتی تدابیرپر عملدرآمد یقینی بنانیکی ہدایت

جمعرات 19 ستمبر 2019 18:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے صوبہ بھر کے تمام ریجنل و ڈسٹرکٹ افسران ، چڑیاگھروں، وائلڈلائف پارکس اور بریڈنگ سنٹرزکے انچارج صاحبان کو ڈینگی سے بچائو کے حوالے سے پنجا ب حکومت کی جاری کردہ ہدایات اور حفاظتی تدابیر پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے اور اپنے زیرانتظام دفاتر میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے یہ بات ڈینگی کے حوالے سے اپنے دفتر کے دورہ کے بعد ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی اور ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی اینڈ ریسرچ عامر مسعود ، ڈائریکٹر لاہو ر چڑیاگھر حسن علی سکھیرا، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور ریجن عبدالشکور منج ، اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی وائلڈلائف نے تمام افسران پر پنجاب حکومت کی طرف سے ڈینگی کے حوالے سے ایس او پی پر حرف بہ حرف عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کے حوالے سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمدکے سلسلہ میں کوئی کوتاہی یا کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور زیر ٹالرنس پالیسی پر عمل کیاجائیگا ۔لیفٹیننٹ ( ر ) سہیل اشرف نے کہا کہ افسران اور انچارج صاحبان اپنے دفاتر کے سٹور رومز کو چیک کریںاور غیر کار آمد اشیاء و سٹاک کو قانون کے مطابق فوری نیلام کریں ۔

انہوںنے کہاخصوصی طور پر ایئر کنڈیشنرز کے پانی کے نکاس اور کولرزمیں پانی کی موجودگی پر خصوصی توجہ دیں ۔انہوں نے کہا کہ دفتر کے اندر اور اس کی حدود کے اندر کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں ۔قبل ازیں انہوں نے دفتر کی تمام منازل کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی اور ڈینگی کے تدارک کیلئے اٹھائے گئے انتظامات کاجائزہ لیا ۔انہوںنے مزید کہا کہ ڈینگی کے تدارک کیلئے جاری کردہ ہدایات اور اس سلسلہ میں اٹھائے گئے اقدامات کو کسی بھی وقت چیک کیا جاسکتا ہے اور کسی بھی جگہ جاری کردہ ہدایات پر عدم عملدرآمد کی صورت میں ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔