ناظم آباد میں پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، 1 پولیس اہلکار شہید

جمعرات 19 ستمبر 2019 19:20

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) ناظم آباد میں پولیس مقابلہ میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے تاہم 1 پولیس اہلکار بھی شہید ہوگیا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم رائو نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ناظم آباد تھانے کی پولیس نے جمعرات کو ناظم آباد میں واقع عیدگاہ کے قریب پولیس مقابلے میں 2 ڈاکوئوں کو ہلاک کردیا تاہم جانفشانی سے مقابلہ کرتے ہوئے 1 پولیس اہلکار بھی شہید ہوگیا، ناظم آباد تھانے میں تعینات4 پولیس اہلکاروں کا3 ملزمان سے مقابلہ ہوا جس میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے تاہم 1 پولیس اہلکار بھی شہید ہوگیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہا فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے، ہلاک ڈکیتوں کی شناخت حبیب اور عبدالباسط کے نام سے ہوئی ہے اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی بر آمد کیا گیا ہے، ہلاک ملزم 6 رکنی ڈکیت گروہ کے کارندے تھے جو گلبہار، ناظم آباد اور اطراف کے علاقوں میں وارداتیں کرتے ہیں۔