حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ندیم افضل چن

حکومتی کارکردگی کا فیصلہ عوام کریں گے، اگر کارکردگی اچھی نہ ہوئی تو عوام احتساب کا حق رکھتی ہے،اس وقت کشمیر کیلئے آزادی مارچ کی ضرورت ہے، عوام کو فی الحال آپ لوگوں سے آزادی مل گئی ہے۔وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن کا ویڈیو بیان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 19 ستمبر 2019 18:35

حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ندیم افضل چن
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 ستمبر2019ء) وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، حکومتی کارکردگی کا فیصلہ عوام کریں گے، اگر کارکردگی اچھی نہ ہوئی تو عوام احتساب کا حق رکھتی ہے، اس وقت کشمیر کیلئے آزادی مارچ کی ضرورت ہے، عوام کو فی الحال آپ لوگوں سے آزادی مل گئی ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ پچھلے دنوں سرگودھا میں کینو ایکسپوٹرز کی میٹنگ ہوئی، اور 600 روپے فی کلوگرام کاشتکار کیلئے کینوں کا ریٹ مقرر کیا،اس سے بڑی کاشتکار کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں، جب ڈیزل اور کھاد مہنگی ہوگئی ہے، میں اپنے کاشتکاروں کے ساتھ ہوں ہم اس ریٹ کو نہیں مانتے بلکہ ہم حکومت کی اس جانب توجہ دلائیں گے۔

میں ایکسپوٹرز کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ اپنی اجارہ داری ختم کردیں ورنہ حکومت اس پر ایکشن لے گی۔

(جاری ہے)

گزشتہ دو روز سے اپوزیشن کے رہنماؤں سے سن رہے ہیں کہ میاں نوازشریف ڈیل کیلئے نہیں مان رہے۔ یہ ان کا ندرونی معاملہ ہے ، میاں نوازشریف ہوں یا میاں شہبازشریف ہوں ، وہ طبقہ ہے جو اقتدار سے کسی صورت دور نہیں رہنا چاہتا۔یہ ان کی آپس کی لڑائی ہے یہ وضاحت کریں ان میں کون ڈیل چاہتا ہے اور کون ڈیل نہیں چاہتا ہے؟ حکومت کا ان کے کیسز سے کوئی تعلق نہیں ہے، ان کے کیسز عدالتوں میں ہیں ، کیسز کا سامنا کریں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ باربار کہتے ہیں کہ ہم ڈیل نہیں لیں گے، میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ اس وقت ڈیل کا کوئی ایشو نہیں ہے، بلکہ ایشو اس وقت کشمیر کا ہے۔ اور عوام کے مسائل کا ایشو ہے، جس طرح آپ ملک کو ڈبو کرگئے ہیں، اس ایشو پر آپ عوام کو جواب دہ ہوں اور پارلیمنٹ کے اندر بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کشمیر کیلئے آزادی مارچ کی ضرورت ہے، عوام کو جوآپ سے آزادی ملی ہے۔ فی الحال عوام کو وہی آزادی چاہیے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، حکومتی کارکردگی کا فیصلہ عوام کریں گے، اگر حکومت کی کارکردگی اچھی نہ ہوئی تو عوام احتساب کا حق رکھتی ہے۔