ترقی و خوشحالی کا یہ سفر نہ ر کے گا نہ تھمے گا،جام کمال صوبے کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں، لیاقت شاہوانی

وزیر اعلی بلوچستان کی ٹیم ترقی کے سفر میں اپنے قائد کا بھرپور ساتھ دیکر عوام کو ریلیف پہنچانا چاہتی ہے ،حالات ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر اور مستحکم ہیں،تعلیم،صحت اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پر کام جاری ہے، ترجمان بلوچستان حکومت

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ ترقی و خوشحالی کا یہ سفر نہ ر کے گا نہ تھمے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کا عزم نو لے کر نکلے تھے وہ اپنی انتھک محنت،خوشاسلوبی اور جہد مسلسل سے بلوچستان کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں اور انشاء اللہ وہ اپنے مقصد میں کامیاب و کامران ہوں گے۔

ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے،وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی پوری ٹیم ترقی کے اس سفر میں اپنے قائد کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے عوام کو ریلیف پہنچانا چاہتی ہے تاکہ اجتماعی ترقی کو ممکن بنایا جا سکے،ترجمان نے واضع کیا کہ بلوچستان کے موجودہ حالات ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر اور مستحکم ہیں،تعلیم،صحت اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پر کام جاری ہے ،ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل سے ترقی کا نیا دور شروع ہو گا اور عوام کی فلاح و بہبود ممکن ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

درین اثنا ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہاکہ یورپی یونین پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر جو بحث ہوئی ہے اٴْس سے واضع ہو گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کتنی نازک اور سنگین ہے علاقے میں انسانی حقوق کی پامالی عام ہو چکی ہے،عالمی برادری کو جلد از جلد مسئلہ کشمیر کا موثر حل نکالنا ہو گا تاکہ خطے میں امن و امان کی فضا چل سکے۔