خواندگی کے فروغ کے لئے سماجی سطح پر بھرپور تحریک شروع کی جائے گی ،ڈویژنل کمشنر

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) :ڈویژنل کمشنر محمود جاویدبھٹی نے کہا ہے کہ خواندگی کے فروغ کے لئے سماجی سطح پر بھرپور تحریک شروع کی جائے تاکہ جہالت ختم کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو اجتماعی جدوجہد سے دور کرکے معاشرے کے ہر فرد کو علم کی روشنی سے آراستہ کیا جاسکے۔انہوں نے یہ بات عالمی یوم خواندگی کے حوالے سے کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب جہالت کے اندھیروں کو دور اور قوم کے نونہالوں کو تعلیم کی وسیع سہولیات فراہم کرنے کیلئے انقلابی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے تاہم ناخواندگی کے خلاف جہاد میں معاشرے کے ہر فرد کو شامل ہوجانا چاہیے اور جو والدین بعض معاشی مجبوریوں کی وجہ سے بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے سے گریزاں ہیں ان کی مدد کرکے تعلیم کی جانب راغب کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں علم حاصل کرنا فرض کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ شعور وآگہی اورترقی وخوشحالی تعلیم کے بغیر ممکن نہیں لہذا معاشرتی رویوں اور سوچ کا رخ علم کی قدروقیمت کی جانب کرتے ہوئے تعلیم یافتہ قوم پروان چڑھائی جائے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ عالمی یوم خواندگی منانے کا مقصد علم کے حصول کے بارے میں معاشرتی احساس اجاگر کرنا ہے۔

اس مقصد کے لئے حکومت فارمل اورنان فارمل ایجوکیشن کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے تاہم محکمہ تعلیم کے تمام انتظامی وتدریسی امور میں بہترین نظم ونسق کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے سیمینار کے دوران مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مقررین کے فکر انگیز خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شرح خواندگی میں تیزی سے اضافہ نہ ہونا بہت بڑاالمیہ ہے جس پر سنجیدگی سے سوچ بچار اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

سیمینار سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) میاں آفتاب احمد،سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی علی احمد سیان،ڈی اوسپیشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمید،نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کی نمائندہ نادیہ شمیم، محمد اختر بٹ،این جی او سے میاں ندیم انور اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے علم کی اہمیت وافادیت پرروشنی ڈالی اور کہا کہ مسلم معاشرہ علم کا وارث ہے جس میں ناخواندگی کانام ونشان بھی نہیں ہوناچاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ سے ہی ہم اپنے معاشی وسماجی مسائل پر قابو پاسکتے ہیں اور جس سے معاشرے میں امن،برداشت،صبر اورباہمی احترام کے جذبات کوتقویت حاصل ہوگی۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی نوید الحق بٹ نے سیمینار کے انعقاد کے اغراض ومقاصد پرروشنی ڈالی اور کہا کہ ضلع بھر میں غیر رسمی تعلیم کے 335سکول کام کررہے ہیں جن میں 13 ہزار سے زائد بچوں کوتعلیم بالغاں اورپرائمری کی سطح کی تعلیمی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آبادمیں لٹریسی ریٹ 69 فیصد ہے تاہم ہمیں تعلیمی میدان میں جدت کوفروغ دیکر اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ کوئی بچہ تعلیم کے حصول کے بغیر نہیں رہے گا۔ایڈیشنل کمشنر محبوب احمد،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد شاہد رانا،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران خالد اختر،رضیہ تبسم،انور پنسوتہ،حناریاض،منیر احمد،یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے ڈاکٹر محمد افضل،مینجر صنعت زار محمد سلیم بلندیا کے علاوہ محکمہ تعلیم کے افسران،لٹریسی سنٹرز کے اساتذہ اور ماہرین تعلیم بھی سیمینار میں موجود تھے۔