آل ٹریڈرز ایسوسی ایشن ضلع ہری پور کے انتخابات 7 نومبر کو ہوں گے، عبدالصبور قریشی

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:26

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) آل ٹریڈرز ایسوسی ایشن ضلع ہری پور کے صدر عبدالصبور قریشی نے 7 نومبر کو نئے انتخابات کا اعلان کر دیا۔ انتخابی حلقہ کو وسیع کرنے کیلئے نئے ووٹروں کی رجسٹریشن سمیت الیکشن کے تمام مراحل کیلئے الیکشن کمیشن کو تمام ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

صدر اے ٹی اے حاجی عبدالصبور قریشی نے کہا کہ تجاوزات آپریشن کے باعث الیکشن میں تاخیر ہوئی، ہمارے خلاف تاخیری حربے استعمال کرنے کا پراپیگنڈہ کرنے والوں نے ہمیشہ تاجر برادری کا استحصال کیا، ہم نے تاجر برادری کی خدمت کی جس پر آج ہمارے ضمیر مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تاجروں پر ٹیکسز کے خلاف ہماری اپیل پر بھرپور ہڑتال ہوئی، سیکورٹی فیس پر کسی تاجر کی تضحیک نہیں کی گئی، مخالفین بے بنیاد پراپیگنڈہ کر رہے ہیں، تجاوزات آپریشن پر ہم نے اصولی موقف اپنائے رکھا جس پر خان برادران کے مخلصانہ کردار کی بدولت شہر کے امن کو تباہ ہونے سے بچا لیا گیا۔