Live Updates

مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اُجاگر کیا جا رہا ہے ، دُنیا انسانی حقوق اور عالمی امن کے حوالہ سے اس مسئلہ کی حساسیت کو اچھی طرح سمجھنا شروع ہو گئی ہے

وفاقی وزیر علی امین خان گنڈاپور کی گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن سے بات چیت

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اُجاگر کیا جا رہا ہے اور دُنیا عالمی امن اور انسانی حقوق کے حوالہ سے اس مسئلہ کی حساسیت کو اچھی طرح سمجھنا شروع ہو گئی ہے۔ انہوںنے یہ بات گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن سے بات چیت کے دوران کہی جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال، ایل او سی پر کشیدہ حالات اور گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ ہفتہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک تاریخی خطاب کرنے جا رہے ہیں اور وہ کشمیریوں کے ایک مضبوط وکیل کے طور پر سامنے آئیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور آزمائش کی ہر گھڑی میں بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کے حوالہ سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود گلگت بلتستان کو تعمیر و ترقی کے حوالہ سے خاطر خواہ فنڈز مہیا کئے گئے ہیں جس سے گلگت بلتستان میں ترقی کا عمل تیز ہو گا۔

ملاقات میں گلگت بلتستان میں سپیشل اکنامک زون کی تعمیر، پاور پالیسی اور مائیکروفنانس کی سکمیوں سے متعلق تفصیلاً بات چیت کی گئی۔ دیامر بھاشا ڈیم کے معاملات سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ اس منصوبے سے متعلق confidence building measures کے تحت منصوبوں پر عملدرآمد کو تیز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں مختلف ہائیڈل پروجیکٹ کی تعمیر کے حوالے سے بیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان کی خوشحالی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے وفاقی حکومت کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ وہ دن دور نہیں جب گلگت بلتستان پاکستان کے ایک مضبوط معاشی حب کے طور پر جانا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات