جمہوریت دشمنوں کو اقتدار میں لانے والی راہیں مسدود کرنا ہونگی، ایمل ولی خان

اے این پی اقتدار میں آ کر عوامی نمائندگی کا حق بحال کرنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائیگی، حکمران عوامی ووٹوں کی بجائے چور دروازہ استعمال کر کے پارلیمنٹ تک پہنچے ہیں، صدر اے این پی

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ اقتدار میں آ کر عوامی نمائندگی کا حق بحال کریں گے اور من پسند لوگوں کو اقتدار میں لانے والی راہوں کو مسدود کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہون نے تحصیل مٹہ سوات میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر پارٹی کے دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ، ایمل ولی خان نے کہا کہ اپنے دورہ سوات کے دوران مختلف مقامات پر علاقے کے ارد گرد باڑ لگی ہوئی دیکھی جس پر دلی دکھ اور افسوس ہوا لیکن شاید یہ نئے پاکستان کا ایک نقشہ ہے جو آج یہ سب دیکھنے کو مل رہا ہے، انہوں نے کہا کہ حکمران عوامی ووٹوں سے منتخب نہیں ہوئے بلکہ چور دروازے سے مخصوص کندھے استعمال کر کے پارلیمنٹ تک پہنچے ہیں، انہوں نے کہا کہ حادثاتی سیاستدانوں کو دیوار سے لگائے بغیر عوامی کی حکمرانی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا،موجودہ حادثاتی حکمران عوامی مسائل کا ادراک نہیں کر سکتے ،پختونوں کو اپنے حقوق کیلئے بیدار ہونا پڑے گا،انہوں نے کہا کہ صوبے میں نوکریوں کی فروخت کا دھندہ عروج پر ہے اور اس بازار میں ہر قسم کی ملازمت کیلئے بولی لگائی جا رہی ہے، ایمل ولی خان نے کہا کہ عوام نے گزشتہ الیکشن میں جن لوگوں کو منتخب کرنا تھا وہ گھروں میں بیٹھے ہیں جبکہ جنات کے ذریعے اقتدار میں آنے والے لوگ اسمبلیوں تک پہنچے ،انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک کا وزیر اعظم ایک نشئی ہے جو اپنے نشے کیلئے ہر چیز فروخت کرنے پر تلا ہوا ہے، کشمیر کا سودا کر کے بڑی ڈیل حاصل کی اور اب گلگت بلتستان کو فروخت کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ملکی ساکھ داؤ پر لگ چکی ہے ،دنیا بھر میں پاکستان کا تشخص برباد ہو چکا ہے ،خزانے کے ساتھ ساتھ تمام وسائل لوٹے جا رہے ہیں، ایمل خان نے مزید کہا کہ اے این پی نے سوات کے عوام کو امن دیا اور نامساعد حالات کے باوجود یہاں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا ، انہوں نے کہا کہ حکومت احتساب کے نام پر اپوزیشن کی آواز کو نہیں دبا سکتی،دنیا جانتی ہے کہ جانبدارانہ احتساب سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں ، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے میڈیا کی زبان کنٹرول کی ہوئی ہے اور ایک مخصوص بیانیہ کے ذریعے پی ٹی آئی والوں کو فرشتے جبکہ سیاسی مخالفین کو چور ثابت کرنے کیلئے میڈیا کو استعمال کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ ملک کے تین ستون یرغمال ہیں، انہوں نے کہا کہ ملکی بقا کیلئے تمام ملکی اداروں کی آزادی ضروری ہے۔