وزیراعلی خیبرپختونخوا سے چینی سفیرکی ملاقات،باہمی دلچسپی کے اٴْمور پر تفصیلی تبادلہ

وزیراعلیٰ نے چینی سفیر کے ساتھ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا چین دوسری عالمی اقوام کے مقابلے میں پاکستان کے زیادہ قریب ہے ، خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں چینی باشندوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا تا ہے،خیبرپختونخوا میں صنعتی زونز کو بجلی کی فراہمی کے لئے سینو ہائیڈرو پروجیکٹس پر دوطرفہ تعاون کیا جائے گا،محمودخان

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے چینی سفیر Mr. Yao Jingسے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اٴْمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر نے صوبے کی تعمیر و ترقی، اداروں کے استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات اور بالخصوص وزیراعلیٰ محمود خان کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا اور اپنی حکومت کی نیک خواہشات سے انہیں آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے چینی سفیر کے ساتھ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کیلئے تعاون پر اتفاق کیا۔ اٴْنہوں نے چینی سفیر کو صوبے میں جاری چینی منصوبوں میں ہر ممکن تعاون اور مدد کا یقین بھی دلایا اور کہا کہ چین دوسری عالمی اقوام کے مقابلے میں پاکستان کے زیادہ قریب ہے اور خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں چینی باشندوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا تا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے چائنیز حکومت کی رشکئی اکنامک زون کے قیام میں تعاون پر شکریہ ادا کیاہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں چائنیز حکومت کی طرف سے جاری منصوبوں کی تکمیل کے لئے تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا میں صنعتی زونز کو بجلی کی فراہمی کے لئے سینو ہائیڈرو پروجیکٹس پر دوطرفہ تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ صنعتی زونز کو سینو ہائیڈرو پروجیکٹس سے سستی بجلی فراہم کی جائیگی جبکہ صنعتی زونز میں باہر سے سرمایہ کاروں کو مدعو کیا جائیگا۔

ملاقات میں قبائلی اضلاع کی تیز تر ترقی کے لئے تعاون اور دونوں ملکوں کے تعاون سے جاری منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران چینی سفیر نے خیبرپختونخوا کی ترقی کے لئے صنعتی زونز پر تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ سی پیک میں خیبرپختونخوا کی معاشی لنکس کو مزید بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ چینی سفیر نے ملاکنڈ ڈویڑن میں کیٹیگری اے ہسپتال کے قیام اور جنوبی اضلاع کے لئے پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر تعاون اورتکنیکی مدد فراہم کرنے جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف منصوبوں کے لئے سوشیو اکنامک پیکج کے تحت تعاون فراہم کرنے، سی پیک کے علاوہ گلگت سے شندو ر تک روڈ کے لئے مشترکہ تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین نہ صرف اکنامک کوریڈور کے عظیم الشان منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتا ہے بلکہ اپنے ہمسایہ صوبے کی حیثیت سے خیبرپختونخوابشمول ضم شدہ قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ چین کے ساتھ دیگر شعبوں میں بھی دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے اقدامات اٴْٹھائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے چائنیز حکومت کی طرف سے کشمیر مسئلے پر پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔