افغان مشرقی صوبہ ننگرہارمیںامریکی ڈرون حملہ، 30 افغان شہری جاں بحق ،40 زخمی ہوگئے

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:56

کوہاٹ/جلال آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) پاک افغان سرحدپر واقع افغان مشرقی صوبہ ننگرہارمیںامریکی ڈرون حملہ کے نتیجے میں 30 افغان شہری جاں بحق جبکہ 40 دیگر زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی افراد افغان مزدوربتائے جاتے ہیں ۔ سرحدپارسے موصولہ اطلاعات کے مطابق افغان مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع خوگیانی کے علاقے وزیرتنگی میں گزشتہ شب امریکی ڈرون حملہ کے نتیجے میں اٴْس وقت درجنوں افغان شہری ہلاک اور زخمی ہوگئے جب امریکی ڈرون نے داعش کے ٹھکانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ شب ڈرون میزائل کی زدمیں درجنوںافغان شہری آگئے جوقریبی علاقوںسے دن بھراخروٹ کے پودوں سے پھل توڑ کر تھکے ہارے اکٹھے ہوگئے تھے۔ غیرملکی خبررساں ادارے نے قبائلی رہنما ملک راحت گل کے حوالے سے بتایا ہے کہ افغان مزدوروں نے ایک جگہ اکٹھے بیٹھ کر آگ جلائی تھی کہ اس دوران امریکی ڈرون نے اٴْنہیں نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

خبررساں ادارے کے مطابق افغان وزارت دفاع نے بھی امریکی ڈرون حملے کی تصدیق کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تفصیل نہیں بتائی۔

امریکی فورس کے ترجمان کرنل سونی لیگیٹ نے بتایا کہ داعش کے خلاف آپریشن کیا گیا تاہم وہ واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔ادھر صوبائی گورنرکے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے کہا ہے کہ جائے وقوعہ سے نو افراد کی لاشیں اٹھائی گئی ہیں جبکہ حیدرخان نامی مقامی شخص نے بتایا کہ علاقے میں ڈیڑھ سو مزدور اخروٹ توڑنے کے لئے کام کررہے تھے۔ادھر افغان میڈیا نے پولیس کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ڈرون حملہ میں 15 شہری ہلاک اور6 زخمی ہوگئے ہیں جبکہ صوبائی کونسل کے ممبروں کے مطابق ڈرون حملہ میں 35 شہری جاں بحق ہوگئے ہیں۔