خیبرپختونخوا حکومت نے 30 سرکاری جامعات میں مالی بحران کی وجہ سے نئی بھرتیوں پرعائد پابندی مشروط طورپر اٹھاتے ہوئے نوٹیفیکیشن واپس لے لیا

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:57

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبہ بھرمیں قائم تمام 30 سرکاری جامعات میں مالی بحران کی وجہ سے ہرقسم کی نئی بھرتیوں پرعائد پابندی مشروط طورپر اٹھاتے ہوئے نوٹیفیکیشن واپس لے لیا۔ محکمہ ہایئرایجوکیشن خیبرپختونخوا نے جمعرات کے روز صوبہ کے تمام 30 سرکاری یویورسٹیوں کے وائس چانسلروں کے نام ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مجازاتھارٹی کی ہدایت پر27 اگست 2019 کو جاری کئے گئے اعلامیہ کو فوری طورپرواپس لے لیاگیا ہے جس میں مالی بحران کی وجہ سے تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں نئی بھرتی پر پابندعائد کی گئی تھی۔

تازہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نئی بھرتیوں پر عائدپابندی ان شرائط کے ساتھ اٹھالی گئی ہے کہ بجٹ میں باقاعدہ طورپر فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی‘ سینڈیکیٹ اور سینٹ کی منظوری کے ذریعے پیداکی گئی آسامی پر تعیناتی کی جاسکے گی۔

(جاری ہے)

نئی بھرتی شدید ضرورت اور جامعہ کی مالی حالت کے تناظرمیں کی جائے گی۔تمام بھرتیاں قانونی اوردیگر ضوابط پوری کرنے کے مطابق ہوں گی۔ کسی بھی یونیورسٹی میں عارضی بھرتی پر پابندی ہوگی۔یادرہے کہ محکمہ ہایئرایجوکیشن نے 27 اگست 2019 کو ایک مراسلے کے ذریعے سرکاری جامعات کے وائس چانسلروں پرتاحکم ثانی پابندی عائد کی تھی کہ وہ مالی بحران کی وجہ سے جامعات میں کسی قسم کی نئی بھرتیاں نہ کریں ۔

متعلقہ عنوان :