گورنرخیبرپختونخوا نے بنوں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو عہدہ سے ہٹادیا

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:01

پشاور۔19ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے بنوں یونیورسٹی کے وائس چانسلر عابد علی شاہ کوفوری طور پر عہدہ سے ہٹادیاہے اور وائس چانسلر کی ذمہ داریاں عارضی طور پر پرو وائس چانسلر بنوں یونیورسٹی سلطان محمود کو دے دی گئیں۔گورنرخیبرپختونخوا نے معاملہ کی باقاعدہ انکوائری کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کردی جوکہ دس دن میں اپنی حتمی رپورٹ گورنر خیبرپختونخوا کوارسال کرے گی۔

واضح رہے کہبنوں یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجینئرعابدعلی شاہ کی مبینہ طور پر ایک ویڈیو سوشل میڈیاپروائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک دوشیزہ کے ساتھ رقص کررہے ہیں۔ ویڈیومنظرعام پرآنے کے بعد بنوں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پر بہت زیادہ تنقید ہوئی اور خیبرپختونخواحکومت سے مطالبہ کیاگیاکہ مذکورہ وائس چانسلر کوفوری طو رپر عہدے سے ہٹایاجائے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق گورنرسے قبل سیکرٹری ہائرایجوکیشن کوبھی مختلف اساتذہ تنظیموں اور طلبہ کی جانب سے تحریری طور پر شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے بنوں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی گذشتہ روز سوشل میڈیا اور نجی ٹی وی چینل پررقص پر مبنی ویڈیو جاری ہونے کافوری نوٹس لیاتھا اور سیکرٹری محکمہ اعلی تعلیم کو حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔