Live Updates

ملاوٹ کے خاتمے اور صفائی کو ہرصورت یقینی بنایاجائے،وزیراعلیٰ محمودخان

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:01

پشاور۔19ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں اشیائے خوردونوش سے ملاوٹ کے خاتمے اور خوراک سے جڑے کاروبار میں صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اٴْنہوںنے فوڈ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ ملاوٹ کے خاتمے اور صفائی کو یقینی بنانے پر زور دیا جائے جبکہ اشیائے خوردونوش سے وابستہ افراد کو بھاری جرمانوں کی بجائے آگاہی مہم کے ذریعے قائل کرنے پر زور دینا چاہیئے۔

وزیراعلیٰ نے حیات آباد میں واقع ڈرگ فوڈ لیبارٹری کو فوڈ اتھارٹی کے سپرد کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ ملاوٹ کے خاتمے اور اشیائے خوردونوش میں صفائی یقینی بنانے اور عوام کی آگاہی کیلئے میڈیا کیمپن پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کی جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے چارسدہ میں گڑ میں ہونے والی ملاوٹ کے خلاف ٹھوس اقدامات اٴْٹھانے کی بھی ہدایت کی۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلی محمود خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں فوڈ اتھارٹی کی صوبے کے 15 دیگر اضلاع تک توسیع کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، چیئر مین فوڈ اتھارٹی اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی سہیل خان و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے وزیراعلی کو فوڈ اتھارٹی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور وزیراعلی کو ادارے کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک اتھارٹی صرف سات ڈویڑنل اضلاع میں فعال ہے جبکہ دوسرے فیز میں ادارے کو صوبے کے پندرہ اضلاع تک توسیع دی جارہی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ اگلے سال اتھارٹی کو صوبے کے دیگر باقی ماندہ تمام اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی۔اجلاس کو ادارے کے طریقہ کار اور نئے مانیٹرنگ سسٹم کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے اشیائے خوردونوش سے متعلق روزگار میں لائی گئی بہتری اور اس روزگار سے وابسطہ افراد کی جاری تربیت کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اشیائے خوردونوش کی صفائی اور اس میں ملاوٹ کی روک تھام کیلئے فوڈ اتھارٹی کے پاس تکنیکی ماہرین پر مشتمل جدید آلات سے لیس ٹیمیں کام کر رہی ہیں جس سے نہ صرف معیاری خوراک کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے بلکہ صحت مند معاشرے کے فروغ کے ساتھ ساتھ بیماریوں میں کمی بھی ممکن ہو رہی ہے۔اتھارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک ادارے نے 65786 معائنے کئے ہیں جبکہ 29342 نوٹسز بھی جاری کئے ہیں۔

اسی طرح 24867 فالو اپ معائنے عمل میں لائے گئے ہیںجبکہ 21074 لائسنس نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ 2048368 آئٹم تلف کئے گئے ہیں جبکہ جرمانوں کی مد میں 86.493 ملین رقم وصول کی گئی ہے اسی طرح لائسنس فیس کی مد میں 58.998 ملین روپے وصول کئے گئے ہیں۔ 1919 ملاوٹی اشیاء بیچنے اور بنانے والے کاروباروں کو سیل کیا گیا ہے۔ اس دوران ملاوٹ کے حوالے سے اتھارٹی کو 2261 شکایات موصول ہوئی ہیںجن میں 2243 شکایات کو نمٹایا گیا ہے۔

اجلاس کو صوبے میں اشیائے خوردونوش کی صفائی اور اس میں ملاوٹ کی روک تھام کے حوالے سے اتھارٹی کے مستقبل کی لائحہ عمل کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویڑن کے مطابق فوڈ اتھارٹی کو خوراک میں صفائی اور ملاوٹ پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور اشیائے خوردونوش سے متعلق آگاہی پر زیادہ زور دیا جائے اور جرمانوں میں نسبتاً کمی لائی جائے تاکہ لوگوں کے روزگاروں میں بہتری لائی جاسکے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے سے ملاوٹی اشیاء کا خاتمہ اور اشیائے خوردو نوش میں صفائی لانے کیلئے تمام ممکن اقدامات اٴْٹھائے جائیں گے جس سے بیماریوں کی روک تھام بھی ممکن ہو سکے گی کیونکہ معیاری خوراک ہی صحت مند عوام کی ضمانت ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات