مودی خطے کا ہٹلر ہے ،پالیسوں کا تسلسل اور اسی طرح کے عزائم رکھتا ہے، محمد فاروق حیدر

مودی نے طے شدہ منصوبے کے تحت لاک ڈائو ن کیا ،کشمیریوں کی نسل کشی کرنا چاہتا ہے،انسان دوست ممالک ادارے کشمیریوں کی مدد کے لیے آگے آئیں، وزیراعظم آزاد کشمیر کی ترک صحافیوں کے وفد سے گفتگو

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) وزیر اعظم آزادجمو ں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ مودی خطے کا ہٹلر ہے اس کی پالیسوں کا تسلسل اور اسی طرح کے عزائم رکھتا ہے۔مودی نے طے شدہ منصوبے کے تحت لاک ڈائو ن کیا ہے اور کشمیریوں کی نسل کشی کرنا چاہتا ہے ۔کرفیو کو 46 دن ہو گئے وادی دنیا کی سب سے بڑی جیل بنی ہوئی ہے ۔

انسان دوست ممالک ادارے کشمیریوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔10 ہزار خواتین آدھی بیوہ ہیں جن کے خاوند لاپتہ ہیں ان کے بارے میں کوئی علم نہیں زندہ ہیں یا نہیں۔ ہندوستانی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں اب تک ایک لاکھ انسان شہید کیے۔قابض افواج نے سات سال سے لیکر 80 سال تک عمر کی دس ہزار خواتین کی عصمت دری کی۔ہندوستانی فوج کے مظالم سے انسانیت بھی شرما گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ترک صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کشمیر ی نوجوانوں کے دلوں سے موت کا خوف ختم ہو چکا ہے اور وہ آزادی کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر اپنی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کا حل انتہائی ناگزیر ہے ۔ نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کا امن کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہونے کی وجہ سے دائو پر رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب کرنا چاہتا ہے ۔ کشمیری مسلمانوں کو ان کے مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکا جارہا ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں نما ز عید ، جمعتہ المبارک اور یوم عاشورہ کے جلوسوں پر بھی پابند ی تھی ۔ شہریوں کو گھروں سے باہر آنے کی اجازت نہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کی گلیوں میں قابض افواج کے دستے شہریوں پر تشدد کررہے ہیں ۔

بھارت کے خلاف بولنے والے کو اغواء کر کے قتل کر دیا جاتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہندوستان کی حکومت آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی پر عمل پیرا ہے جس کا نظریہ مسلمانوں کی نفرت سے بھرا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی دنیا بالخصوص دوست اسلامی ممالک کو کشمیریوں کو ان کا جائز حق حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا دنیا کا امن دائو پر رہے گا۔ دریں اثناء کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حید رخان نے کہا ہے کہ یورپین پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بحث اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق اس کے مستقل حل کے لیے آواز اٹھانے پر یورپین پارلمینٹیرینز کے شکر گزار ہیں اس سے یورپ کی انسان دوستی اور دنیا میں امن کے لیے خواہش کا عملی اظہار ہوتا ہے اس کا کریڈٹ بلاشبہ مقبوضہ کشمیر کے ان نڈر ،دلیر عوام کو جاتا ہے جنہوں نے انتہائی نامساعد ترین حالات میں بھی اپنی جدوجہد نہیں چھوڑی اوربندوقوں کے سائے تلے اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھی یورپ میں کشمیر کے حوالے سے کشمیر کونسل یورپ کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

اس موقع پرعلی رضا سید نے کہا کہ 2016سے لے کر اب تک راجہ محمد فاروق حیدر خان نے سب سے زیادہ دورے کیے جس کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوئے یورپ نے انسانی حقوق کے معاملے کو ہمیشہ ترجیح اول میں رکھا ہے یہی وجہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو انسانی حقوق کمیٹی کی سب کمیٹی میں بھی زیر بحث لایا گیا تھا ، اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر بھی موجود تھے اور اب یورپی پارلیمنٹ کے اندر اس پر بحث مظلوم کشمیریوں کی بہت بڑی کامیابی ہے اس میں خصوصی کردار ادا کرنے والے تمام اراکین بالخصوص شفق محمود کا شکریہ ادا کرتے ہیں اس بحث سے بین الاقوامی سطح پر بہت مثبت اثر پڑا ہے وزیراعظم آزادکشمیر نے یورپ میں مقیم تارکین وطن کی کاوشوں کو شاندار الفاظ میںخراج تحسین پیش کیا ۔