کراچی،ناظم آباد پولیس کا ڈاکوؤں سے ٹکراؤ، دوبدو مقابلہ، پولیس اہلکار شہید 2 ڈاکو مارے گئے

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) ناظم آباد پولیس کا ڈاکوؤں سے ٹکراؤ، دوبدو مقابلہ، پولیس اہلکار شہید 2 ڈاکو مارے گئے، فیروز آباد اور گلشن اقبال سے 6 ملزمان گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق ناظم آباد پولیس نے ناظم آباد نمبر3 عیدگاہ گرائونڈ انڈربائی پاس کے قریب موٹر سائیکل سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرکے پولیس اہلکار بکل نمبر33918 کانسٹیبل سعید ذیشان ولد سعید اطہر علی کو شہید کرکے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ڈاکو مارے گئے، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے شہید اہلکار اور مارے جانے والے ڈاکوئوں کی لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی عمریں 25 سے 27 سال کے درمیان معلوم ہوئی ہیں۔ شہید اہلکار ناظم آباد تھانے میں تعینات تھا، پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔ جبکہ ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤنے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ ناظم آباد تھانے میں تعینات 4 اہلکاروں کا 3 ملزموں سے مقابلہ ہوا، دونوں ہلاک ملزموں کا تعلق بلوچستان خضدار سے ہے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں فرار جس کی تلاش جاری ہے، ہلاک ڈکیتوں کی شناخت حبیب اور عبدالباسط کے نام سے ہوئی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان بھی شہید ہوا، ہلاک ملزموں سے اسلحہ بھی بر آمد کیا گیا، ہلاک ملزم 6رکنی ڈکیت گروہ کے کارندے تھے ،گروہ گلبہار، ناظم آباد اور اطراف کے علاقوں میں وارداتیں کرتا ہے۔

ادھر فیروز آباد اور گلشن اقبال پولیس نے 6 ملزمان شاہد، قادر، عثمان، کوثر، احتشام اور عبدالستار کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔