بجلی خالص منافع کی مدمیں بقاجات کی عدم ادائیگی کی صورت میں وفاق آئین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے،سکندر حیات خان شیر پائو

آئین کے آرٹیکل161(2)کے تحت وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کو بجلی خالص منافع کے بقایاجات کی ادائیگی کا پابند ہے،رہنما قومی وطن پارٹی

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) قومی وطن پارٹی کے رہنماء سابق سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ بجلی خالص منافع کی مدمیں بقاجات کی عدم ادائیگی کی صورت میں وفاق آئین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل161(2)کے تحت وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کو بجلی خالص منافع کے بقایاجات کی ادائیگی کا پابند ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گائوں شیرپائو ضلع چارسدہ میں کیو ڈبلیو پی ضلع چارسدہ کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارٹی کی نچلی سطح کی تنظیم سازی کا مکمل جائزہ لیا گیا اور ضلع میں پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے غور و حوض کیا گیا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی الیکشن کمیشن کے ممبر الحاج محمد ہاشم خان،سابق ممبران اسمبلی،ناظمین و نائبین اور پارٹی کارکن بڑتی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا کو پن بجلی خالص منافع کے بقایاجات اے جی این قاضی فارمولہ کے تحت یقینی بنائے جائیں۔انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں بجلی کی قیمتیں مزید بڑھانا عوام پر بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔انھوں نے کہا کہ حتیٰ کہ مشترکہ مفادات کی کونسل نے بھی کئی مواقعوں پر صوبے کو پن بجلی خالص منافع کے بقایاجات دینے پر زور دیا ہے۔انھوں نے حکومت کے مجوزہ منصوبے کے تحت ملک میں میڈیا کورٹس کے قیام کیلئے راہ ہموار کی جارہی ہے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اظہار رائے کی آزادی کوسلب کرنے کی کوشش ہے۔