پی ٹی آ ئی سندھ رہنما کا شہر کے تباہ حال انفراسٹرکچر پر اظہار تشویش

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) پی ٹی آئی کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے شہر کے تباہ حال انفراسٹرکچر پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ شہر کراچی اپنے منفرد انفراسٹرکچر کے باعث ایک الگ شناخت رکھتا تھا۔ روشنیوں اور پھولوں کا شہراب کسی آثار قدیمہ سے مماثلت پیش کرتا ہے۔شہر کی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں پاکستان کے معاشی حب نہیں بلکہ کسی چھوٹے پسماندہ شہر کی تصویر پیش کرتی ہیں۔

اپنے جاری کردہ بیان میں شہزاد قریشی نے مزید کہا کہ حکومت وقت نے شہر کی ترقی کے نام پر ہمیشہ سیاست کی اور آج شہر تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ٹوٹی سڑکوں سے جہاں یومیہ سینکڑوں ایکسیڈینٹ ہوتے ہیں وہیں گاڑیاں بھی خراب ہوتی ہیں۔وزیر بلدیات بلند وبانگ دعوں کے بجائے کچھ شہر کے لیے بھی کام کر لیں۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے جناح اسپتال کی خستہ حال سڑک کو دور کیا اور وہاں تعمیراتی کام شروع کروایا، وزیر بلدیات زرا شہر کے دیگر علاقوں اور وہاں کی سڑکوں کا بھی دورہ کریں۔

شہر کی تقریباً تمام مرکزی شاہراہیں مرمت طلب ہیں،اسی فیصدسڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔پیپلز پارٹی شہر کو دبئی نیویارک پیرس بنانے کے دعوے چھوڑ کر صرف کراچی ہی بنا دے تو شہری احسان مند ہونگے۔ حکومت سندھ شہر کی سڑکوں کی ازسر نو تعمیر اور کارپیٹنگ کا آغاز کرے۔وزیر بلدیات بیان بازی سے گریز کر کے کچھ فرائض بھی انجام دیں اور شہر کے فٹ پاتھ اور دیواروں کی تزئین و آرائش بھی کروا کر کراچی کو دلکش بنائیں۔#