ڈینگی وائرس،راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ،شیخ رشید

انسداد ڈینگی مہم اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کیساتھ ملکر نگرانی کی جائے گی ،کسی بھی غفلت ولا پرواہی پر سخت کاروائی کی جائے گی،وزیر ریلوے کی صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 19 ستمبر 2019 23:17

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 4سال بعد ڈینگی وائرس کے شدید ترین حملے پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کوتبدیل کرنے کے بعد سنگین ترین صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی کے تینوں الائیڈ ہسپتالوں سمیت 5سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے انسداد ڈینگی مہم اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ساتھ ملکر نگرانی کی جائے گی اورکسی بھی غفلت،لا پرواہی پر سخت کاروائی کی جائے گی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی بچائو اقدامات موثر نہ ہونے کی وجہ سے اس سال ڈینگی کا شدید ترین حملہ ہوا ہے جس کے لئے وزیراعلی پنجاب سے خصوصی ملاقات کے لئے لاہور جارہا ہوں ہر ہسپتال میں ڈینگی وارڈ قائم کئے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ہولی فیملی ہسپتال میں ڈینگی وارڈ کے دورہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیااس موقع پرکمشنر راولپنڈی ثاقب ظفر،ایم پی اے راجہ راشد حفیظ،ایم ایس ہولی فیملی ہسپتال ڈاکٹر ناصر بھی موجود تھے شیخ رشید نے زیر علاج مریضوں کو دی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات بارے استفسار کیااس موقع پر وفاقی وزیرشیخ رشید احمد نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑیںوارڈوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کے ساتھ24گھنٹے ڈاکٹر وںاور پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری یقینی بنائی جائے وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عمر کی جانب سے ڈینگی مریضوں کے تازہ ترین اعدادو شمار کی بریفنگ دی گئی شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی کے تینوں ہسپتالوں میں اب تک 3ہزار 813مریض داخل ہوئے جن میں سے 2ہزار 862مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی،اب تک 600مریضوں کو علاج مکمل ہونے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ 4 سالوں کے بعد ڈینگی وائرس کے شدید ترین حملے پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو تبدیل کر دیا گیاانہوں نے کہا کہ انتظامیہ کا کام صرف بارشوں کے بعد علاقوں میں سپرے کرنا تھا لیکن یہ ذمہ داری بھی احسن طریق سے سرانجام نہیں دی گئی جس کی وجہ سے ڈینگی وائرس کا شدید ترین حملہ ہوا ہے،ڈینگی کے حملے کے بعد راولپنڈی کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے تمام ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہے، ڈینگی کے علاج سے متعلق ادویات بھی وافر مقدار میں موجود ہیں،اس مشکل صورتحال میں ڈینگی کے مریضوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کے بعد واپس راولپنڈی آکر انسداد ڈینگی مہم اور علاج معالجے کی صورتحال کی نگرانی کرینگے کیونکہ یہ تشویشناک معاملہ ہے۔