جماعت اسلامی سندھ کی کے پی کے حکومت کی جانب سے سرکاری تعلیمی اداروں میں طالبات کیلئے عبایا پہننے کا فیصلہ واپس لینے کی شدید مذمت

حجاب عورت کی عزت وعظمت میں اضافہ کرتا ہے خاص طور پر طالبات اس میں اپنے آپ کو محفوظ سمجھتی ہیں، اسلئے ریاست مدینے کی طرز حکومت کے دعویدار موجودہ حکمران کے پی کے سمیت پورے ملک میں اسکول اور کالیج ویونیورسٹیز کی طالبات کیلئے حجاب کو لازمی نافذ کرنے کا اعلان کرے،محمد حسین محنتی

جمعرات 19 ستمبر 2019 23:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کے پی کے حکومت کی جانب سے سرکاری تعلیمی اداروں میں طالبات کیلئے عبایا پہننے کا فیصلہ واپس لینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجاب عورت کی عزت وعظمت میں اضافہ کرتا ہے خاص طور پر طالبات اس میں اپنے آپ کو محفوظ سمجھتی ہیں، اسلئے ریاست مدینے کی طرز حکومت کے دعویدار موجودہ حکمران کے پی کے سمیت پورے ملک میں اسکول اور کالیج ویونیورسٹیز کی طالبات کیلئے حجاب کو لازمی نافذ کرنے کا اعلان کرے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ کے پی کی حکومت کا سرکاری تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے کا فیصلہ دانشمندانہ تھا مگر عجلت میں اس کی واپسی قابل افسوس ہے، پاکستان اسلام وکلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آیا تھا، مگر قیام پاکستان سے لیکر آج تک حجاب کے معاملے پر لبرل ،سیکولر اور دین دشمن قوتیں اپنی مذموم مقاصد اور سازشوں میں مصروف ہیں جس کی کھلی مثال کے پی کے حکومت کے فیصلہ کو واپس لینے پر مجبور کرنا ہے۔

(جاری ہے)

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ایک طرف ریاست مدینہ کی حکومت کا نمونہ پیش کرنے کا اعلان تو دوسری جانب حکومتی سرپرستی میں سودی نظام ،قادیانیت اور بے حیائی کا فروغ حکومت میں موجود لبرل اور سیکولر لابی کا اصل ایجنڈا واضح کرتا ہے،تبدیلی کا دعویٰ محض دھوکے کے سوا کچھ بھی نہیں ہے،اسلام اور پاکستان ایک دوسرے کیلئے لازم وملزوم ہیںاسلام کے بابرکت نظام اور مدینے کی ریاست کے نبوی قوانین کو نافذ کرنے کے سوا ملک کی معاشی ترقی اور عوام کے مسائل کا حل ناممکن ہے۔

ایک طرف خاتون اول مکمل پردہ کرکے خواتین کیلئے اعلیٰ مثال پیش کررہی ہیں تو دوسری جانب حکومتی وزراء اور چند ناعاقبت اندیش مشیر نیوز چینلز پر کے پی کے حکومت کے طالبات کیلئے عبایا لازمی قرار دینے کی فیصلے کی مخالفت کرکے اپنے بیرونی آقائوں کو خوش کرنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں، پاکستان کے محب وطن عوام اسلام سے محبت کرتے ہیں وہ مہنگائی،بیروزگاری سمیت تمام مشکلات برداشت کرسکتے ہیں مگر وطن عزیز میں بے حیائی اور فحاشی کے فروغ کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے،عقیدہ ختم نبوت اورقانون تحفظ ناموس رسالت سمیت ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرتے رہیں گے، جماعت اسلامی دستور پاکستان اور اسلامی قوانین پر عملدرآمدکیلئے روز اول سے جدوجہد کررہی ہے، ان شاء اللہ بہت جلد اسلامی اور خوشحال پاکستان کا حقیقی خواب حقیقت بنے گا۔

#