وزیر ہائر ایجوکیشن کا طلباء کی رہنمائی کے لئے یوتھ کاؤنسلنگ سنٹر کے قیام کا اعلان

طلباء سکالرشپس، مالی امداد ، تعلیم کے لئے قرض بھی حاصل کر سکیں گے ،راجہ یاسر ہمایوں

جمعرات 19 ستمبر 2019 23:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے سول سکرٹریٹ میں یوتھ کاؤنسلنگ سنٹر کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی ۔ایڈیشنل سیکریٹری شاہدہ فرخ، ڈپٹی سیکرٹری محمد حسن لالی، سی ای او پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ ڈاکٹر کامران شمس اور دیگرنے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈاکٹر کامران شمس نے یوتھ کاؤنسلنگ سنٹر کے مقاصد، سٹرکچراور منصوبہ بندی بارے بریفنگ دی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ پیف کے زیر انتظام یوتھ کاؤنسلنگ سنٹرکا مرکزی آفس لاہور میں قائم کیا جائے گا جبکہ دیگر اضلاع میں موجود جامعات اپنے اپنے کیمپسز میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پیف کی زیر نگرانی سنٹرز کا قیام یقینی بنائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طالب علموں کی رہنمائی کے لئے ویب پورٹل بھی تشکیل دیا جائے گا جس کو مرکزی آفس سے کنٹرول جا ئے گا۔

انہوں نے کہا کہ سنٹر کے قیام کا مقصد طلباء کو داخلہ کے وقت انکے لئے موضوں مضامین بارے آگاہی فراہم کرناہے۔ جبکہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد نوکری کے حصول میں معاونت فراہم کرنا ہے۔یوتھ کاؤنسلنگ سنٹر طلباء کے انفرادی اور اجتماعی مسائل کے حل کے لئے اقدامات کرے گا۔ طلباء کو سکالرشپس، مالی امداد کے بارے میں بھی رہنمائی فراہم کے جائے گی۔

سنٹر کے قیام سے طلباء کو درست سمت کے تعین میں مدد ملے گی اوروہ داخلہ کے وقت جاب مارکیٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے بہترمضمو ن کا انتخاب کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی رہنمائی کے لئے کاؤنسلنگ سنٹر کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ مناسب رہنمائی نہ ہونے کے باعث ہمارے طلباء تعلیم مکمل کرنے کے بعد بھی نوکریوں کے لئے دربدر پھرتے ہیں۔صوبائی وزیر نے بتایاکہ یوتھ کاؤنسلنگ سنٹر کے پی سی ون پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :