کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کو صوبوں کے اندر رہتے ہوئے انتظامی اور معاشی خود مختاری دی جانی چاہیے، مصطفی کمال

گزشتہ چند سالوں سے میڈیا میں کراچی کے حوالے سے اچھی خبریں نہیں جا رہیں جس کا پورے ملک کو نقصان ہو رہا ہے، چیئرمین پی ایس پی

جمعرات 19 ستمبر 2019 23:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کو صوبوں کے اندر رہتے ہوئے انتظامی اور معاشی خود مختاری دی جانی چاہیے۔ نیشنل فنانس کمیشن کو پرونشل فنانس کمیشن سے مشروط ہونا چاہیے، کراچی پاکستان کا بزنس حب ہے، پاکستان چار ہزار ارب روپے سالانہ کماتا ہے جس میں سے پونے تین ہزار ارب اکیلا کراچی کما کر دیتا ہے لیکن گزشتہ چند سالوں سے میڈیا میں کراچی کے حوالے سے اچھی خبریں نہیں جا رہیں جس کا پورے ملک کو نقصان ہو رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر میں آئی ٹی سی این ایشیاء اینڈ ٹیلی کام کے تحت منعقدہ نمائش کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر خورشید نظام اور انکے اہل خانہ کراچی کی اچھا رخ دنیا کو دکھا رہے ہیں جو کہ حکومت کا کام تھا۔

(جاری ہے)

جب ایسی خبریں کراچی سے دنیا بھر میں جائیں گی تو لوگوں کو پتا چلے گا کہ کراچی میں کتنا کاروبار ممکن ہے اور اس شہر کی اصل صلاحیت کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں گھٹن کا ماحول ہے، حکومت کو چاہیے ایسے اقدامات کو زیادہ سے زیادہ سراہے تاکہ کراچی اور پاکستان کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے آئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی اور پورے ملک کے مسائل کے حل کے لیے اٹھارویں ترمیم میں ترمیم کی ضرورت ہے، بلدیاتی حکومتوں کا پورا باب آئین میں شامل ہونا چاہیے تاکہ اختیارات اور وسائل کا ایک جگہ ارتکاس نہ ہو۔ ان اقدامات کے بعد ہی پاکستان ترقی کر سکتا ہے۔