زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کے بعد ڈالر کی قیمت میں بھی کمی ہوگئی

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 156 روپے 30 پیسے جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 156 روپے 23 پیسے کی سطح تک آ گئی

muhammad ali محمد علی جمعرات 19 ستمبر 2019 21:10

زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کے بعد ڈالر کی قیمت میں بھی کمی ہوگئی
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 ستمبر2019ء) زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کے بعد ڈالر کی قیمت میں بھی کمی ہوگئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 156 روپے 30 پیسے جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 156 روپے 23 پیسے کی سطح تک آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ جمعرات کو اںٹربینک اور اوپن مارکیٹ دونوں میں ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 10 پیسے کی تنزلی دیکھی گئی جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ایک ڈالر 156 روپے 30 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا ۔ جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی اور امریکی کرنسی کی قیمت 156 روپے 23 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔ دوسری جانب پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں تیزی سے اضافہ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے کل زرمبادلہ ذخائر 16 ارب ڈالرز کی سطح کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک کے مرکزی بینک کے پاس اس وقت 8 ارب 60 کروڑ ڈالرز کے ذخائر موجود ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران کروڑوں ڈالرز کا مزید اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ ایک ہفتے کے دوران کمرشل بینکوں کے ذخائر میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس وقت کمرشل بینکوں کے ذخائر 7 ارب 29 کروڑ ڈالرز سے زائد کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے ذخائر میں اضافے کے باعث ملک کے کل زرمبادلہ ذخائر 15 ارب 90 کروڑ ڈالرز کی سطح تک پہنچ گئے ہیں۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کے کل زرمبادلہ ذخائر جلد 16 ارب ڈالرز کی سطح کو عبور کر جائیں گے۔ پاکستان کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر 2 ماہ سے زائد کی بیرونی ادائیگیوں کیلئے کافی ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر کو اس سطح تک پہنچایا جائے جو 3 ماہ کی بیرونی ادائیگیوں کیلئے کافی ہوں۔