ماڈل کورٹس نے ہمارے عدالتی نظام میں نئی تبدیلی لائی ہے، ان عدالتوں کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج سامنے ہیں ، ماڈل کورٹس کے نتائج کی روشنی میںہم نے ای کورٹ کا آغاز کردیا ہے، یہ امر باالکل واضح ہے کہ پاکستانی قوم جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ہی آگے بڑھ کر اپنا مقام بنا سکتی ہے

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اور ریسرچ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہاہے کہ ماڈل کورٹس نے ہمارے عدالتی نظام میں نئی تبدیلی لائی ہے، ان عدالتوں کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج سامنے ہیں ماڈل کورٹس کے نتائج کی روشنی میںہم نے ای کورٹ کا آغاز کردیا ہے، جو تیزی سے انصاف کی فراہمی میں معاون ثابت ہوں گی، یہ امر باالکل واضح ہے کہ پاکستانی قوم جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ہی آگے بڑھ کر اپنا مقام بنا سکتی ہے۔

جمعرات کویہاں سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اور ریسرچ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مدرسہ ہویا سکول ، کسی بھی ادارے میں جدید ٹیکنالوجی کے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا۔ ہم نے عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروائی ہے۔

(جاری ہے)

اورماڈل کورٹ کے بعد ای کورٹ اوراب جدید ریسرچ سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ جس کے انصاف فراہمی کے نظام پر انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

چیف جسٹس نے کہاکہ ہم یہاں آرٹیفیشل انٹیلی جنس بھی متعارف کروا رہے ہیں تاکہ انصاف فراہمی کے سلسلے میں مزید بہتری لائی جاسکے،پہلے ہمارے پاس انٹیلیجینٹ ججز تھے اب انٹیلیجینٹ کورٹس بھی موجود ہیں، آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے کمپیوٹر خود ہی کیس کا نتیجہ جج کو بتائے گا۔ چیف جسٹس نے ٹیکنالوجی کی جدت کے حوالے سے کہاکہ1991ء میں میری بیٹی نے پہلی جماعت میں کمپیوٹر کی کلاس لی تھی، خود ہمیں بھی پہلی بار موبائل اور کمپیوٹر دیکھ کر حیرانی ہوئی تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس مشیرعالم نے کہاکہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ماڈل کورٹس کے بعد ای کورٹ کا وژن دیا ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جلد اور آسان انصاف کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے آپ جان لیں کے 5 ہفتوں کے دوران چاروں برانچ رجسٹریز سے ویڈیو لنک کے ذریعے 138 مقدمات سنے گئے ہیں اور اب سپریم کورٹ کے کمرہ نمبر 5 کو مستقل ویڈیو لنک کیلئے مختص کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ای کورٹ سے پیسے اور وقت کا ضیاع ختم ہوگا اس کے ساتھ ہم سپریم کورٹ کی ڈائنامک ویب سائیٹ کا بھی افتتاح کر ریے ہیں جس میں بے شمار فیچرز ہیں اس میںکیسز کی تفصیل سمیت عدالت سے متعلق تمام معلومات دستیاب ہونگی۔ اس موقع پر ای کورٹ سسٹم، ریسرچ سینٹر اور ویب سائٹ کی تیاری میں معاونت کرنے والے نادرا اور سپریم کورٹ کے عملہ میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔