سینیٹر سراج الحق کی چونیاں میں قتل ہونے والے بچوں کے لواحقین سے ملاقات

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے چونیاں میں قتل ہونے والے بچوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی۔ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مجھے اس افسوس ناک واقعے سے دلی صدمہ پہنچا ہے اور میں حکومت وقت سے مطالبہ کرتا ہوں بچوں کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قصور لاہور کی بغل میں ہے اور گزشتہ دوسال میں سینکڑوں معصوم بچوں کو اغواء اور زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور درجنوں بچوں کو قتل کیا گیا مگر انتظامیہ مجرموں کا قلع قمع کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر چند مجرموں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکا کر نشان عبرت بنا دیا جاتا تو علاقے سے جرائم کا خاتمہ ہوسکتا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام ایسے درندوں کو پھانسی کے پھند ے پر دیکھنا چاہتے ہیں جو معصوم بچوں کو درندگی کا نشانہ بنا کر قتل کر رہے ہیں۔

انہوں نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ بچوں کے تحفظ کے لیے فوری ایکشن لیں۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے قبیح فعل کرنے والے افراد کو نشان عبرت بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ سکول اور کالج جانے والے بچے بچیوں میں شدید خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا احساس پایا جاتاہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ہاں انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں۔ چونیاں کا واقعہ پنجاب حکومت پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے بچوں کے والدین کو یقین دلایا کہ اگر 48گھنٹوں میں قاتل گرفتار نہ ہوئے تو جماعت اسلامی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔