جب صوبے میں عوامی نیشنل پارٹی کی حکومت تھی تو کھیلوں کے حوالے سے لاتعداد کام ہوا،ثمر ہارون بلور

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:20

ّپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ کھیلوں کو فروغ دیا ہے جب صوبے میں عوامی نیشنل پارٹی کی حکومت تھی تو کھیلوں کے حوالے سے لاتعداد کام ہوا کیونکہ صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے یہ بات عوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے چھٹا بشیر بلور شہید کرکٹ ٹورنامنٹ اور پہلا ہارون بلور شہید کرکٹ ٹورنامنٹ کے اختتام پر فاتح ٹیموںمیں تقسیم انعامات کی تقریب جو کہ طارق قلعہ میں ہوئی سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے ہمیشہ صوبے کا ہی نہیں ملک کا نام بھی کھیل کے میدان میں روشن کیا ہے ہمارے صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ، کمی ہے تو کھیل کے میدانوں کی ثمر ہارون بلور نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے دور میں لاتعداد کھیلوں کے میدان بنائے گئے تاکہ ہماری نئی نسل کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ کھیل کے میدان میں صوبے اور ملک کا نام روشن کریں جس سے لاتعداد باصلاحیت نوجوان ابھریں ۔

(جاری ہے)

تقریب سے عوامی نیشنل پارٹی مرکزی کونسل کے ممبر اور ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر الحاج ملک طارق اعوان نے خطاب کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں کا خراج تحسین پیش کیا خاص طور پر ان کھلاڑیوں کو جنہوں نے چھٹا بشیر بلور شہید ٹورنامنٹ اور پہلا ہارون بلور شہید کرکٹ ٹورنامنٹ جیتا ملک طارق اعوان کا کہنا تھا کہ بشیر بلور شہید چھٹا کرکٹ ٹورنامنٹ مسلسل کامیابی سے کروایا جارہا ہے اور اب ہارون بلور شہید ٹورنامنٹ بھی پہلی مرتبہ انتہائی کامیاب رہا اس میں تمام کھلاڑیوں نے بے پناہ محنت کی اور ٹورنامنٹ کو کامیاب بنایا انہوں نے جیتنے والی ٹیموں کے لئے پچاس ہزار نقد انعام کا اعلان بھی کیا اور دیگر انعامات بھی دئیے الحاج ملک طارق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ انشاء اللہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور 2020 ء میں بشیر بلور شہید اور ہارون بلور شہید کرکٹ ٹورنامنٹ کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ ٹیمیں اس میں شرکت کرسکیں ۔

انعامی تقریب سے ہارون بلور شہید کے صاحبزادے دانیال ہارون بلور نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ میرے لئے یہ ٹورنامنٹ ایک فخر ہے کیونکہ پہلا میرے دادا بشیر بلور شہید کے نام سے ٹورنامنٹ کھیلا جارہا تھا اور اب میرے والد ہارون بلور شہید کے نام سے بھی یہ پہلی دفعہ کرکٹ ٹورنامنٹ ہوا انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بالخصوص پشاور کی عوام جس طرح بلور فیملی سے محبت کرتی ہے وہ قابل ستائش ہے یہ عوام ہی کی محبت ہے کہ یہ ٹورنامنٹ ہر آنے والے ٹورنامنٹ سے بہتر سے بہتر ہوتا جارہا ہے اور عوام اس کرکٹ ٹورنامنٹ کو اپنی دلچسپی سے بہتر بناتے ہیں تقریب سے سابق صوبائی وزیر ہدایت اللہ خان اور ملک رئوف طارق نے بھی خطاب کیا ۔